ترکیہ نے اپنا پہلا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ قزل ایلما مسلح افواج کے حوالے کر دیا

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ نے اپنا پہلا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ قزل ایلما مسلح افواج کے حوالے کر دیا، ابتدائی مرحلے میں 3 جدید جنگی طیارے ترک سکیورٹی فورسز کے حوالے کیے گئے ہیں۔

اس انتہائی اہم پیشرفت کے ساتھ ترکیہ بغیر پائلٹ جنگی طیارے کو فوجی خدمات میں شامل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس پیشرفت کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک عظیم خواب کے حقیقت بننے کا تاریخی دن ہے، برسوں کی محنت اور مسلسل کوششوں کے بعد قزل ایلما بغیر پائلٹ جنگی طیارہ ترک مسلح افواج کے دفاعی نظام کا حصہ بن گیا ہے۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ قزل ایلما ترک فوج کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور مسلح افواج کو مزید فتوحات حاصل ہوں گی، انہوں نے اس کامیابی کو ترکیہ کی دفاعی صنعت اور مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

ترک دفاعی کمپنی بائیکار کے مطابق قزل ایلما نے اپنی قبولیت کے تمام ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیے، جبکہ منصوبے کے تحت اب تک آزمائشی اور تربیتی سرگرمیوں میں 600 پروازیں کی جاچکی ہیں، ابتدائی مرحلے میں 3 طیاروں کی حوالگی کے بعد یہ منصوبہ عملی فوجی خدمات کے نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...