ورلڈ آرٹ دبئی میں 10 ہزار فن پارے نمائش کیلئے پیش، قیمتیں 100 سے 20 ہزار ڈالر تک

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جاری ورلڈ آرٹ دبئی 2026ء کے بارہویں ایڈیشن میں فن پاروں کی خریدوفروخت اور بین الاقوامی آرٹ مارکیٹ کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 19 سے 22 نومبر تک جاری نمائش میں تقریباً 10 ہزار فن پارے پیش کیے جا رہے ہیں، جن کی قیمتیں 100 امریکی ڈالر سے 20 ہزار ڈالر تک ہیں، عالمی میلے کا مقصد فنونِ لطیفہ کے شائقین کے ساتھ نئے خریداروں اور تجربہ کار سرمایہ کاروں کو بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔

نمائش میں 65 سے زائد ممالک کے 300 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 200 سے زائد انفرادی فنکار اور 65 سے زیادہ آرٹ گیلریز شامل ہیں۔ عالمی آرٹ میلے میں مصوری، مجسمہ سازی، فوٹوگرافی اور جدید تخلیقی فنون کے مختلف نمونے پیش کیے گئے ہیں۔

منتظمین کے مطابق نمائش میں فن پاروں کی نمائش کے ساتھ ان کی خریداری کے مواقع کو بھی وسعت دی گئی ہے تاکہ مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد عالمی آرٹ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرسکیں۔

ورلڈ آرٹ دبئی کے گزشتہ ایڈیشن میں فن پاروں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، رواں سال بھی آرٹ گیلریز کی شرکت اور فنکاروں کے خریداروں سے براہِ راست رابطوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے فنکاروں کو بین الاقوامی شائقین، ڈیزائنرز، ہوٹلوں اور کاروباری اداروں کے نمائندوں کے سامنے اپنے تخلیقی کام متعارف کرانے کا موقع مل رہا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ورلڈ آرٹ دبئی محض فن پاروں کی نمائش نہیں بلکہ فنکاروں اور خریداروں کے درمیان نئے کاروباری روابط قائم کرنے کا بھی اہم ذریعہ ہے، مختلف قیمتوں کے فن پاروں کی دستیابی سے پہلی مرتبہ آرٹ خریدنے والے افراد سے لے کر تجربہ کار کلیکٹرز تک سب کو اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق انتخاب کا موقع فراہم کیا گیا ہے، تاہم رواں ایڈیشن میں کسی نئے تجارتی معاہدے یا مجموعی فروخت کی مالیت کے اعداد و شمار تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...