پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش شروع :ترکیہ بحری جہاز کی کراچی آمد75روز میں سیسمک ڈیٹا جمع کیا جائیگا،6ماہ میں تجریہ مکمل آئندہ سال ڈر لنگ کا آغاز ہوگا
سروے 6 ماہ تاخیر سے شروع ہوا ،نئی دریافت سے توانائی تحفظ کو تقویت ملے گی:وزیر توانائی ترکیہ،پاکستان اور ترکیہ میں تیل و گیس کی تلاش، معدنی ذخائر کی ترقی سمیت متعدد معاہدے مشن خوشخبری لائیگا:اسحاق ڈار، تعاون پر صدر اردوان کاشکریہ،تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کیلئے اہم پیش رفت :وزیر اعظم ، ترکیہ وفد کے اعزاز میں عشائیہ
کراچی (رائٹرز ، اے ایف پی )ترکیہ کے سیسمک ریسرچ جہاز ’اوروچ رئیس‘ کی کراچی آمد کے ساتھ ہی پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر کی تلاش کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے ، جبکہ دونوں ممالک نے آئندہ برس (2027) میں ڈرلنگ (کھدائی) شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ،ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرکتار نے جمعہ کے روز کراچی کی بندرگاہ پر منعقدہ تقریب اور سوشل میڈیا پیغامات میں بتایا کہ ملکی سطح پر تیار کردہ جہاز ’اوروچ رئیس‘ صومالیہ کے بعد اپنے دوسرے بین البراعظمی مشن پر پاکستان پہنچا ہے ۔ ان کے مطابق یہ جہاز پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ٹو ڈی (2D) اور تھری ڈی (3D)سیسمک سروے کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں’اوروچ رئیس‘ انڈس-سی (Indus-C)بلاک میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر رقبے پر تھری ڈی سیسمک ڈیٹا اکٹھا کرے گا، جس میں تقریباً 50 روز لگنے کی توقع ہے ۔ اس کے بعد کراچی بندرگاہ پر تیاریوں کے بعد مکران بلاکس میں 2353 کلومیٹر سروے لائنوں پر ٹو ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کیا جائے گا، جس میں تقریباً 25 دن لگیں گے ۔وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق سروے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اس کے تجزئیے کا عمل تقریباً چھ ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے ، جس کے بعد 2027 میں آف شور ڈرلنگ کا آغاز متوقع ہے ۔ ترکیہ کے وزیر توانائی بیرکتار نے کہا کہ مشرقِ وسطٰی میں کشیدگی اور ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی منڈیوں کو درپیش سپلائی بحران کے تناظر میں یہ سروے تقریباً چھ ماہ کی تاخیر سے شروع ہوا ہے ، کسی بھی نئی دریافت سے دونوں ممالک کے توانائی کے تحفظ کو تقویت ملے گی ۔
کراچی،اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار) پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کر دئیے ہیں،ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد پر کراچی بندرگاہ میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترک وزیرتوانائی، وفاقی وزیرپٹرولیم اور گورنر سندھ تقریب میں شریک ہوئے ۔پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان شیئر ہولڈرز کا معاہدہ طے پاگیا، پشین بلوچستان میں اہم معدنیات اینٹیمونی کی ترقی کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے ، ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پایا، چاغی بلوچستان میں تانبے ، سونے اور دیگرمعدنی ذخائر کی تلاش وترقی ہوگی۔ جیولوجیکل سروے پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی میں سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ۔ تکنیکی تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی میں استعدادکار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، تاہم اب وقت ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کیلئے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے ۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ 87 میٹر طویل اورچ رئیس جدید سیسمک، صوتی اور سمندر کی تہ کا سروے کرنے والے آلات سے لیس ہے ، یہ جہاز صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے گا ، اس تحقیق سے مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن پاکستان کیلئے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خوشخبری لائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے اور سیسمک سروے سے ذخائر ملنے کی ضمانت نہیں ہوتی، تاہم یہ مستقبل کی تلاش کیلئے بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے ۔ تقریب سے خطاب میں الپ ارسلان بیرکتار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شعبہ توانائی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اورترکیہ کے توانائی تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہورہاہے ، پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرکتار اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں،ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کیلئے اہم پیش رفت ہے ۔ترک وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا ترک تحقیقی جہاز سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کیلئے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments