شہباز شریف کو معاشی بحران پر کام موقع نہیں دیا جارہا :بلاول بھٹو:ریفرنڈم تو ہو کر رہے گا:وفاقی وزراء

شہباز  شریف  کو  معاشی  بحران  پر  کام  موقع  نہیں  دیا  جارہا :بلاول  بھٹو:ریفرنڈم  تو  ہو  کر  رہے  گا:وفاقی  وزراء

عوام کو فکر نہیں صوبہ ایک بنے یا ہزار، انہیں دو وقت کی روٹی چاہیے ،فضل الرحمن، خان صاحب کو انگیج کرنا ہوگا، چاہتا ہوں وزیراعظم مدت پوری کریں:پی پی چیئرمین ریفرنڈم کا وقت طے ہونا ہے :طارق فضل، خون خرابے کی بات درحقیقت ریاست پر حملہ:خواجہ آصف، صوبوں پر بحث پہلے سے جاری، ہم نے تائید کی: مصطفیٰ کمال

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو اس بات کی فکر نہیں کہ ملک میں ایک صوبہ بنے یا ہزار، انہیں دو وقت کی روٹی اور معاشی مشکلات کی فکر ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی بحران پر کام کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، میں چاہتا ہوں کہ وہ پانچ سالہ مدت پوری کرنے والے پہلے وزیراعظم بنیں۔ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں  تاکہ وہ عوامی مشکلات کے حل پر توجہ دے سکیں۔ کراچی میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے سندھ حکومت کے 17 ارب روپے کے سپورٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ میری تجاویز پر عمل کریں یا نہ کریں، ہم عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے رہیں گے ۔ مولانا فضل الرحمن اور بانی پی ٹی آئی کو پسند کریں یا نہ کریں، سیاسی مسائل کے حل کیلئے انہیں انگیج کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو ان کا کوئی وزیر اپنا ایجنڈا لے آتا ہے ۔ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے تمام جماعتوں کو اختلافات بھلا کر مل کر کام کرنا ہوگا۔ خطے میں جنگ کے معاشی اثرات عوام بھگت رہے ہیں، ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔ بلاول نے بے نظیر ہاری کارڈ کے تحت کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے امداد اور تھرپارکر و عمرکوٹ کے متاثرہ خاندانوں کیلئے ریلیف اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے قحط زدہ 25 دیہات کیلئے 5 ارب روپے سے زائد کے پیکیج کا اعلان کیا۔

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزرا نے نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم ضرور ہوگا، البتہ اس کا وقت طے ہونا باقی ہے ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ کسی رہنما کے  بیان سے آئین میں درج ریفرنڈم کا آپشن غیر آئینی نہیں ہو جاتا۔ عوامی رائے سامنے آنے کے بعد اس پر عملدرآمد کا طریقہ طے کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو عوامی سطح پر مخالفت کے بجائے پہلے وزیراعظم سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، پیپلزپارٹی کو اتحاد سے جانے نہیں دیں گے اور امید ہے صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد مثبت پیش رفت ہوگی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ خون خرابے کی بات درحقیقت ریاست پر حملہ ہے ، سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے استحکام کو ترجیح دینی چاہیے ۔ موجودہ صوبوں کو کسی کی ذاتی جاگیر نہیں سمجھنا چاہیے ، دنیا میں نئے صوبے بنتے رہے ہیں اور پاکستان میں بھی اس معاملے پر راستہ نکل سکتا ہے ۔ انہوں نے بلاول کو موجودہ نظام سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا سٹیک ہولڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے استحکام کو مقدم رکھنا ہوگا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کی بحث پہلے سے جاری ہے ، ہم نے صرف اس کی تائید کی ہے ۔ کراچی میں صوبوں کے قیام کی تحریک ہم نے شروع نہیں کی، وزیراعظم کی ریفرنڈم پر آمادگی اور وفاقی وزیر اطلاعات کی حمایت بھی اس بحث کے جاری ہونے کا ثبوت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...