پختونخوا میں امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے:فیلڈ مارشل:آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کا دورہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ
قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ قریبی رابطے میں رہ کر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے :عاصم منیر لکی مروت میں خودکش بمبار مارا گیا،میرعلی میں برقع پہن کر فرار ہونیوالے خارجی ہلاک ،کوہاٹ میں 3دہشتگردمارے گئے
اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی، خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کا دورہ کیااور خیبرپختونخوا پولیس کو فرنٹ لائن فورس قرار دیتے ہوئے قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق میرانشاہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاریوں، مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا کی بہادر پولیس فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کے پی پولیس کو ایک دلیر فرنٹ لائن فورس قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ قبل ازیں میرانشاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ بارودی مواد سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دیں، شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں برقع پہن کر خواتین کے بھیس میں رکشے کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔مزید برآں کوہاٹ ریجن میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد ایس ایم جیز اور 9 عدد میگزین برآمد کر لیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments