حکومت جہا ں ہے رک جائے ،ہمیں مت چھیڑ و،جان چھڑانا مشکل ہو جائیگی:فضل الرحمٰن
جعلی مینڈیٹ تسلیم کرنے ،حکومت میں شمولیت سے انکارپر فائلیں کھولنے کی دھمکی دی ، فائلیں منہ پر ماریں گے مفتی محمود مرکز نہیں، آپ تجاوزات ،معدنی ذخائر چوری کرتے ہو،ہمیں چور کا مرکز معلوم ہے :پشاور میں خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جہاں کھڑی ہے ، وہیں رک جائے ، بصورت دیگر جمعیت علما اسلام سڑکوں پر آئے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلوں کا رخ بھی کرے گی ، مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں، آپ تجاوزات ہیں۔ تم ہمارے پختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کرتے ہو،ہمیں صرف چور نہیں اس کا مرکز بھی معلوم ہے ۔ پشاور میں نمازجمعہ کے اجتماع کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں، جن قوتوں نے جے یو آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کیں، ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا۔،ہم تجربہ کار لوگ ہیں،ہماری پشت پر سو سال سے زیادہ کی تاریخ ہے ، نوجوانوں کے لئے اپنی تاریخ سے زیادہ کوئی چیز قیمتی نہیں، اپنی اس تاریخ کی حفاظت کریں گے ،ڈروگے تو نہیں؟ تھکوگے تو نہیں ؟انہوں نے کہاکہ میں اتنی بات کرتا ہوں کہ ہر کسی کو چھیڑو پر ہمیں مت چھیڑو، ہم سے جان چھڑانی مشکل ہوجائے گی، ہمارے پاس اسلحہ نہیں، ڈنڈے نہیں، آپ کے پاس اسلحہ بھی ہے ،حکومتی طاقت بھی، لیکن ہم نہتے ہاتھوں سے آپ کو شکست دیں گے ،اس حکومت کو بنے ڈھائی سال ہو گئے اور یہ ہماری منتیں کرتے رہے کہ حکومت میں شامل ہوجائیں،یہ کہتے رہے کہ آپ کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی'صوبائی حکومت لے لیں، جب جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا تو فائلیں کھولنے کی دھمکی دیتے ہیں، یہ فائلیں آپ کے منہ پر ماریں گے ، جتنا زور لگا سکتے ہو، لگالو، پورے پاکستان میں ایک آدمی ان کو نہیں ملا جو کہے کہ میرا تعلق جمعیت کے ساتھ نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، کبھی گھر کے سامنے کھڑے جنریٹر ہٹانے کا کہتے ہیں تو کبھی کیبن کی بات کرتے ہیں، کبھی یہاں مرکز آکر کہتے ہیں کہ یہ تجاوزات میں ہے ، مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں، انہوں نے کہا کہ آپ جہاں جہاں چوری کرتے ہو ہمیں معلوم ہوجاتا ہے ، ہمیں صرف چور نہیں اس کا مرکز بھی معلوم ہے ، ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments