عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے:وزیر خزانہ

عوام  کو  سستی  بجلی  کی  فراہمی  کیلئے  اصلاحات  کا  عمل  تیز  کیا  جائے:وزیر خزانہ

سولر اور بیٹری سٹوریج کے بڑھتے استعمال سے قومی گرڈ کی طلب متاثر، اضافی بجلی اور کیپسٹی پیمنٹس کا بوجھ کم کرنے پر غور نجی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول، صارفین کا تحفظ، تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ،مالی استحکام یقینی بنانا ہو گا،سینیٹراورنگزیب

 اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بجلی کے شعبے میں ریگولیٹری اصلاحات کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کا بنیادی مقصد بجلی کی لاگت میں کمی، صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی، مالی استحکام اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہونا چاہیے ۔انہوں نے یہ ہدایات جمعہ کو وزارت خزانہ میں بجلی کے شعبے کے ریگولیٹری نظام سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں مجوزہ اصلاحات اور تکنیکی ورکنگ گروپ (ٹی ڈبلیو جی) کی سفارشات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر غور کیا کہ مجوزہ اصلاحاتی فریم ورک سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرنے کے ساتھ صارفین کے مفادات کا تحفظ اور بجلی کے شعبے کی طویل مدتی مالی پائیداری بھی یقینی بنائے ۔اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈی این اوز) اور مسابقتی بجلی فراہم کرنے والے اداروں کے لیے واضح، شفاف اور قابل پیش گوئی ریگولیٹری قواعد وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں سرمایہ کاری کی منظوری، منصوبوں کی نگرانی، خدمات کے معیار، کارکردگی کے اشاریوں، ترسیل و تقسیم کے نقصانات، مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ سے بچاؤ اور تجارتی سرگرمیوں کے دائرہ کار سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

شرکا نے نیپرا اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے اختیارات اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ریگولیٹری امور میں غیر ضروری مداخلت سے بچا جا سکے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی سولرائزیشن، بیٹری سٹوریج کے بڑھتے ہوئے استعمال اور صارفین کے بدلتے ہوئے بجلی استعمال کے رجحانات نے مارکیٹ کی صورتحال تبدیل کر دی ہے ۔ اس تناظر میں اضافی پیداواری صلاحیت، قومی گرڈ سے بجلی کی طلب میں کمی اور کیپسٹی پیمنٹس کے نتیجے میں بجلی کے نرخوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بجلی کی دستیاب پیداواری صلاحیت اور حقیقی کھپت کے درمیان فرق کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں تاکہ گرڈ سے منسلک صارفین پر مزید مالی بوجھ نہ پڑے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا اصلاحاتی عمل کا بنیادی مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور توانائی کے شعبے کو مالی طور پر پائیدار بنانا ہے ۔ اصلاحات کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کے لیے قابل عمل ماحول پیدا کرنے کے ساتھ گھریلو صارفین، کاروباری اداروں اور صنعتوں کو سستی اور مسابقتی بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے ۔وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات مقررہ مدت میں آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے ۔ صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی، مالی پائیداری، ریگولیٹری استحکام، خدمات کے معیار میں بہتری اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اس عمل کے بنیادی مقاصد ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...