نئے صوبے :حکومتوں کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے
ایوان صدر کا کردار اہم ،پیپلز پارٹی اپنے موقف میں لچک پر مجبور ہورہی ہے حکومت کو قابل عمل روڈ میپ دینا ہو گا ،مطالبہ احساس محرومی تحریک بن سکتا
(تجزیہ:سلمان غنی)
نئے صوبوں کی تشکیل بارے جاری عمل میں ابھی یہ نہیں طے ہو پا رہا کہ اس حوالے سے پیش رفت ریفرنڈم کے انعقاد سے منسلک ہو گی یا براہ راست آئینی ترمیم پر کاربند ہوا جائے گا۔ ایک بنیادی نکتہ یہ ہے کہ اگر اس حوالے سے کوئی سنجیدہ پیش رفت ہونا ہے تو اسے سیاسی مفادات اور اقتدار کی تقسیم سے نکال کر اسے انتظامی کارکردگی عوامی مفادات انصاف کی فراہمی اور ترقی کے مساوی عمل سے جوڑنا ہو گا ،ورنہ یہ عمل سیاسی اتفاق رائے کے بغیر آگے چلنا مشکل ہو گا اس بنیاد پر یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ سیاسی قوتیں اس حوالے سے سنجیدہ ہیں بھی یا نہیں اور کیا ریفرنڈم نئے صوبوں کے قیام کا آئینی جواز فراہم کر پائے گا ؟ ، پیپلز پارٹی نئے صوبوں پر اپنے تحفظات دور کر پائے گی اور نئے صوبوں کے حوالے سے حکمران اتحاد دو تہائی اکثریت حاصل کر پائے گا ۔جہاں تک سیاسی قوتوں کی سنجیدگی کا سوال ہے تو حقیقت یہی ہے کہ وہ اس حوالے سے سنجیدہ تو نہیں مگر وہ اس عمل پر دباؤ کو محسوس کر رہی ہیں۔ ملک میں حالات و واقعات اور زمینی حقائق یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ سسٹم ڈلیور کرتا محسوس نہیں ہو رہا اور حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے محسوس ہو رہے ہیں،یہ رجحان زور پکڑ رہا ہے کہ اختیارات کی تقسیم ہونی چاہئے اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بننا چاہئے ۔
اب جب نئے صوبوں کی بحث کا آغاز ہوا ہے تو حکومتوں کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں لگ رہی کہ اس سے کیسے بچا جائے یا کیسے آگے بڑھا جائے ، ایسے میں ریفرنڈم کی تجویز نے انکی پریشانی میں اور اضافہ کر دیا ہے ، اس صورت میں وہ اس سے بچ نہیں پائیں گے اور انہیں آگے چلنا پڑے گا۔کہا جا سکتا ہے کہ نئے صوبوں بارے اصولی فیصلہ سیاسی اتفاق رائے سے نومبر ، دسمبر تک ممکن ہو گا اور اس پر پیش رفت آئندہ سال مارچ میں سینٹ انتخابات سے پہلے ہو گی اور جلد حکومت کو اس ضمن میں ایک قابل عمل روڈ میپ دینا ہو گا ورنہ نئے صوبوں کا مطالبہ ایک انتظامی ضرورت سے بڑھ کر سیاسی دباؤ کے تحت احساس محرومی کی تحریک بن سکتا ہے اور یہ پھر خود حکومت اس کی ساکھ اور وفاقی ہم آہنگی کیلئے چیلنج بن جائے گا۔ جہاں تک اس سلسلہ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے حتمی فیصلے کا سوال ہے تو ذمہ دار اس ضمن میں ایوان صدر کے کردار کو اہم قرار دے رہے ہیں اور ایک اہم ذریعہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے دکھائے جانے والے ردعمل نے خود پیپلز پارٹی کو اس حوالے سے زیادہ پریشان کیا ہے اور اب پیپلز پارٹی اپنے موقف میں لچک دکھانے پر مجبور ہو رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments