تھر کا کوئلہ بروقت نہ نکالنا مجرمانہ غفلت تھی، شرجیل میمن

تھر کا کوئلہ بروقت نہ نکالنا مجرمانہ غفلت تھی، شرجیل میمن

ن لیگ نے منصوبے پر کام بند، 2008 میں صدر آصف زرداری نے دوبارہ شروع کرایا، سینئر وزیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گرین انرجی اور تھر کول منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن تھا،انہوں نے 1995ء میں بھٹ شاہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے ، نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی تھی۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں زیبسٹ زیبیٹیک (ZABTech) کے تحت گرین اسکلز نصاب کے اجرا اور قومی مکالمے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے زیبیٹیک اور اس کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے ، تاکہ وہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ہنر حاصل کر سکیں۔ شرجیل میمن نے کہا تھر کول منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شروع کیا تھا، تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے پر کام بند کرا دیا۔ 2008ء میں صدر آصف علی زرداری نے منصب سنبھالنے کے بعد دوبارہ اس منصوبے پر کام شروع کرایا، تھر کا کوئلہ بروقت نہ نکالنا ایک مجرمانہ غفلت تھی، سندھ حکومت اب تک تھر سے کوئلہ نکالنے کے منصوبے پر ایک ارب ڈالر خرچ کر چکی ہے ، آج تھر سے پیدا ہونے والی بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو رہی ہے اور اس سے صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا سندھ حکومت نے ماحول دوست توانائی کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا دیہی علاقوں میں 16 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ، جو کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی نااہلی کا نتیجہ ہے ، دوسری جانب جن علاقوں میں بجلی دستیاب ہے ، وہاں بھی اس قدر مہنگی ہے کہ عام شہریوں کے لیے بل ادا کرنا مشکل ہو چکا ہے ، سندھ حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے کر عوام کو اس صورتحال میں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ہدایات کے تحت سندھ حکومت 21 لاکھ گھر تعمیر کر رہی ہے ، جن میں سے 50 فیصد سے زائد گھروں کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے ،خواتین کو ان کی ملکیت کے حقوق دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا حکومت سندھ خواتین کو مفت اسکوٹیز فراہم کر رہی ہے ، یہ خواتین کو خودمختار بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے ۔ انہوں نے کہا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام شامل ہونا بھی چیئرمین کے وژن اور سندھ حکومت کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔تقریب میں رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...