بلوچستان : سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک، 4 علاقے کلیئر کرا لیے گئے
فتنہ الہندوستان کے خلاف مستونگ میں پہلی کارروائی کے دوران 5،دوسری میں 10 دہشتگرد مارے گئے ، متعدد ٹھکانے تباہ،بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود برآمد کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں سے دہشتگردوں کا صفایا،بلوچستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی:سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد(دنیا نیوز)بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کر کے 15 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4علاقے کلیئر کرالئے ۔ ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف بڑی کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں پہلی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردئیے گئے۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مستونگ میں دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردئیے گئے ۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرالیا گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments