مذاکرات بحالی بھارتی رویے پر منحصر: اسحاق ڈار، ٹھوس شواہد سے معاملات حل ہونگے : مصدق ملک
تہذیب کو آج موسمیاتی تبدیلی کے نئے خطرے کا سامنا:وفاقی وزیر کا نئی دہلی میں خطاب،انڈین وزیر سے چائے پر گپ شپ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل نہیں کرسکتا ،مذاکرات ہی تنازع کے حل کا واحد مؤثر راستہ:اسحاق ڈار ، انٹرویو
اسلام آباد،نئی دہلی(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کیساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنیکا فیصلہ نئی دہلی کے رویے اور طرز عمل سے جڑا ہے ، سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں ہوسکتا ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہاکہ الزامات نہیں ٹھوس شواہد سے معاملات حل ہونگے ، خطے کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ، دہشت گردی کے معاملے پر شفاف طریقۂ کار وضع کر کے شواہد کی بنیاد پر بات آگے بڑھانی چاہیے ۔مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کیلئے بھارت میں موجود ہیں،وہاں ان کی بھارتی وزیر ثقافت گجندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات ہوئی، اس دوران چائے کا دور چلا اور خوشگوار ماحول میں گپ شپ لگی۔
نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں منعقدہ ایس سی او تہذیبی مکالمے میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے اردو میں خطاب کیا اور کہا کہ بڑا عجیب سا لگا غالب کی قبر سے چند کوس دور یہاں بیٹھ کر انگریزی میں بات کر رہا ہوں، جی یہی سمایا کہ میں اپنے دل کی آواز اردو میں بات کروں، کیسی عجیب بات ہے کہ غالب کے دادا حضور سمرقند سے تشریف لائے تھے اور یہاں دفن ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ غالب جو اپنے آپ کو فارسی کا بہت بڑا شاعر سمجھتے تھے لیکن دنیا انہیں اردو کی وجہ سے پہچانتی ہے اور دہلی نے کہا کہ ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے ، کہتے ہیں غالب کا ہے ،انداز بیاں اور میں یہی سپرٹ لے کر یہاں حاضر ہوا ہے ، آوازیں بہت سی ہیں، بہت سے شعرا ہیں، دہلی تو شاعری کا گڑھ رہا ہے ، لکھنو، دہلی اور لاہور بھی ادب، شاعری اور تہذیب کے گڑھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب یہاں اکٹھے ہوئے ہیں سب اپنی اپنی آواز اور شناخت لے کر آئے ہیں ،‘‘ کہتے ہیں کہ غالبؔ کا ہے اندازِ بیاں اور ’’۔
مصدق ملک نے کہا کہ دہلی باہر سے آنے والی تہذیبوں اور لوگوں سے کم نہیں ہوا بلکہ اس سے مضبوط ہوا ہے ، یہ قلعہ، جس میں آج ہم بیٹھے ہیں، خود ایک کہانی ہے ، اس قلعے کی بنیاد ہمایوں نے رکھی، جن کا تعلق تیموری خاندان سے تھا اور جو وسطی ایشیا سے آئے تھے اور اس کی تکمیل شیر شاہ سوری نے کی جو افغانستان سے آئے تھے یعنی ایک دیوار دو حریف، یعنی دو حکمران ایک قلعہ، یعنی دو لیئرز اور ایک ٹرینچ تو یہ جو تنوع ہے اسی کو منانے کے لیے ہمیں آپ نے بلایا یعنی تہذیبی مکالمہ ہے ۔ مکالمہ تو تنوع کے درمیان ہوتا ہے اور ہم یہی مکالمہ کرنے آئے ہیں، بہت سی آوازیں، بہت سی شناختیں اور ان کا مکالمہ، ان کے درمیان آزادانہ تبادلہ خیال، آزادانہ خیالات کا تبادلہ اور تصورات کے تبادلے میں ہی دانش مندی ہے اور اسی کو اپنانے اور سجانے میں دانش ہے اور اس کے لیے حوصلہ بھی چاہیے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے تین اہم ادوارکا امین ہے ۔پاکستان کو بہت سے زاویوں سے دیکھتے ہیں، ہمارے پیروں کے نیچے انڈس اور گندھارا ہے ، بدھ آرٹ شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا ہے ، اسلام آباد کے قریب ٹیکسلا ہے وہ علم کی بنیاد ہے جہاں سے سوچ کا آغاز ہوا، ہماری مٹی میں پوری تہذیب سموئی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہ جب ہم تاریخ دیکھتے ہیں تو ہمارے تمام راستے شمال کی جانب جاتے ہیں، بخارا، سمرقند، وسطی ایشیا اور افغانستان ،پوری تاریخ ہمیں شمال کی طرف لے جاتی ہے ، جب ہم اپنی شاعری کی بات کرتے ہیں مشرق وسطیٰ اور ایران کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں، اسی آمیزش کا مرکب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تو دروازہ کھولے بیٹھے ہیں کہ یہ تو اللہ کا دیا ہوا خزانہ ہے ، تاریخ کا دیا ہوا خزانہ ہے اور یہ تمام انسانیت کے لیے جو اس سے مستفید ہونا چاہیے آئے اور استفادہ کرے ۔
مصدق ملک نے کہا کہ تہذیب کو آج ایک نئے خطرے کا سامنا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی ہے ، موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے ۔نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ ممالک کے ایک ساتھ مل بیٹھنے سے خطے میں بہتری کی امید ہے اور جو بھی امن سلامتی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا ہم بھی ساتھ دیں گے ۔بھارتی صحافی کے دہشت گردی کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے ، پاکستان میں گزشتہ ڈیڑھ سے دو برس کے دوران ہزاروں افراد دہشت گردی کے واقعات میں جان سے جا چکے ہیں اور ہمیں ہر روز جنازوں کو کندھا دینا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ ممالک اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے جو کچھ ضروری سمجھیں گے ، وہ کریں گے ، تاہم خطے کی سلامتی کے لیے سنجیدگی اور متانت کے ساتھ گفتگو کرنا ناگزیر ہے ،دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف طریقہ کار ضروری ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ الزامات کے بجائے ٹھوس شواہدکی بنیاد پر معاملات حل ہونے چاہیے ، الزامات کے بجائے خطے کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ، اس کے لیے پاکستان متعدد بار طریقہ کار تجویز کر چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مرتبہ اس بات کی دعوت دے چکا ہے کہ اگر کسی فریق کے پاس شواہد ہیں تو وہ دوطرفہ طور پر پیش کیے جائیں۔ اِس معاملے پر کثیرملکی فورموں میں بھی پہلے بات ہو چکی ہے ۔ اگر براہِ راست بات ممکن نہ ہو تو کسی ایسے دوست ملک کے ذریعے بھی شواہد کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے جس پر دونوں فریقوں کو اعتماد ہو۔ تاہم اب تک اس سلسلے میں بات زیادہ آگے نہیں بڑھ سکی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ خطہ ہے اور اِس خطے کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ انڈیا میں کثیرملکی تعاون کے تناظر میں گفتگو کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ خطے کے مسائل صرف دو ممالک تک محدود نہیں۔ پڑوس میں ایران کو درپیش مسائل، وسطی ایشیا کی صورت حال اور افغانستان کے مسائل بھی اسی وسیع تر علاقائی تناظر کا حصہ ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کسی ایک واقعے یا دوطرفہ اختلاف کو بنیاد بنا کر ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے شواہد اور متفقہ طریقۂ کار کے ذریعے پورے خطے کے مسائل حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے ۔بھارت کا 2023 کے بعد دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں دیگر ممالک کے وفود کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں کیں، ایرانی تنظیم برائے ثقافت و تعلقات کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی ایمان پور اور تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون امون زادہ سے الگ الگ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، ثقافتی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصدق ملک نے آذربائیجان کے وزیر ثقافت عادل کریملی،نیپال کے وزیر ثقافت، سیاحت و شہری ہوا بازی کھڑک راج پاڈیل سے بھی ملاقاتیں کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی نشریاتی ادارے یورونیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ انہوں نے اس معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو بھی دوٹوک انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بات چیت کی بحالی کا انحصار بھارتی اقدامات پر ہوگا۔امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات ہی تنازع کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔ جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے نئے سکیورٹی فریم ورک کی تشکیل بھی ناگزیر ہوچکی ہے ۔انہوں نے عالمی سیاست میں گروپ بندی کے رجحان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں ہے ۔ پاکستان مستقبل میں امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل 4 ملکی فورم ‘آر فور’ کا اگلا اجلاس آئندہ ماہ جرمنی میں منعقد ہوگا، جبکہ استنبول میں ہونے والے اجلاس میں یورپی ممالک کی شرکت کے بعد یہ پلیٹ فارم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان یورپی ممالک سے جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کے تسلسل کے لیے تعاون اور حمایت کا خواہاں ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے ملک میں آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments