سفارش، سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر میرٹ یقینی بنارہے : مریم نواز
ہمیں پاکستانی بن کر ملک بارے سوچنا چاہیے ،خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع دینا ہونگے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات، وزیراعلیٰ پنجاب نے گڈ گورننس پر بریفنگ دی
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کو حکومت پنجاب کی گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد کو صوبائی حکومت کے انتظامی امور اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کی جانب سے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا گیا۔
وفد کو پنجاب کے مختلف شہروں کے مطالعاتی دوروں کی دعوت بھی دی گئی۔وزیراعلٰی مریم نواز نے کہاکہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے ، عوامی خدمت کیلئے سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جہاں کسی شہری کو اپنے جائز کام کے لیے سفارش کی ضرورت نہ پڑے ،خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ ہماری خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں،پرانی سوچ اور روایات کو تبدیل کرنا ہوگا،عوام کو روزگار کے مواقع کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات فراہم کرنا بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔نیشنل سکیورٹی ورکشاپ شرکا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments