گندم درآمد کے باوجود آٹا مہنگا، حکومت کا مزید 8 لاکھ ٹن منگوانے کا فیصلہ
لاہور میں 20 کلو کاتھیلا 3ہزار467، کراچی میں 3600 روپے کا فروخت ہونے لگا :وفاقی ادارہ شماریات اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، اشیا کی قیمتوں کا جائزہ ، ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)گندم کی درآمد کے باوجود ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 3600 روپے تک پہنچ گئی ،دوسری طرف وفاقی حکومت نے مزید 8 لاکھ ٹن گندم باہر سے منگوانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے گندم درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ۔ وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق لاہور میں20 کلو آٹے کا تھیلا 333 روپے مہنگا ہوکر 3ہزار467 روپے تک چلا گیا ، گوجرانوالہ میں بھی 333 روپے مہنگا ہوا تاہم قیمت 3ہزار400 روپے تک جا پہنچی،کراچی میں آٹے کے 20 کلوکا تھیلا 100روپے مہنگا ہوکر 3600 روپے تک پہنچ گیا اور ایک ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 334 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں سمیت کئی شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3600 روپے تک ہوگیا، پشاور میں 20 کلوآٹا 250 روپے مہنگا ہوکر 3ہزار550 روپے تک پہنچ گیا جبکہ راولپنڈی میں 20 کلوآٹا 66.66 روپے مہنگا ہوکر 3ہزار533 روپے کا ہوگیا ۔ دستاویزات کے مطابق سکھر میں 20 کلو آٹے کی قیمت 280 روپے بڑھ کر 3ہزار360 روپے تک ہوگئی جب کہ کوئٹہ میں 20 کلوآٹا 110 روپے مہنگا ہونے کے بعد قیمت 3ہزار 330 روپے تک ہوگیا ہے ۔دوسری طرف نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گندم کے ملکی ذخائر کی صورتحال اور مارکیٹ میں اس کی فراہمی کے نظام پر بھی غور کیا گیا، گندم کے وافر ذخائر برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر درآمد کے آپشن کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے قیمتوں میں استحکام اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے اقدامات یقینی بنائیں، وفاقی اور صوبائی حکام کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے جبکہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments