پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس نہ ہونے پر گورنر راج لگا : فضل الرحمٰن

پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس نہ ہونے پر گورنر راج لگا : فضل الرحمٰن

ماضی میں چاروں صوبوں کو ایک صوبہ بنانے والے آج ہر صوبے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کر رہے اب دہشتگردی نہیں تب ہی تو ہماری سکیورٹی واپس لی گئی،فوج کو دشمن کے سامنے طاقتور دیکھنا چاہتے :خطاب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ماضی میں چاروں صوبوں کو ایک صوبہ بنایا تھا، آج بھی وہی ہر صوبے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس نہ کیے جانے کے باعث یہاں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صوبوں کی تقسیم، مائنز اینڈ  منرلز ایکٹ، گورنر راج، ایمرجنسی، سکیورٹی کی واپسی اور ملکی معاشی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس ہوا اس لیے وہاں گورنر راج اور ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی، سابق فاٹا میں ایمرجنسی لگائی گئی جہاں ایک سال سے غیر قانونی مائننگ ہو رہی ہے اور یہ سب ان کی آنکھوں کے سامنے ہوتا رہا، ٹانک، ڈیرہ، لکی اور بنوں سمگلنگ کے راستے ہیں، دہشتگردی کا مسئلہ دفن ہوگیا، صوبے میں اب کوئی دہشتگردی نہیں بلکہ مکمل امن و امان ہوچکا، تب ہی تو ہماری سکیورٹی واپس لی گئی۔

مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا کہ ہم فوج کو دشمن کے سامنے طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے جسے طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں بلکہ دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، ہم پر دباؤ ڈالنے کیلئے انگریزوں کے زمانے کے پرانے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، کوئی نیا حربہ لے کر آئیں، جو بھی ان کے بیانیے سے اختلاف کرتا ہے تو فائلیں اٹھا لاتے ہیں، ہماری بھی فائلیں پڑی ہیں اور ان فائلوں میں ہمارے گھر کے سامنے ایک جنریٹر پڑا ہوا ہے ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 80 سال بعد آج آپ خود مشاہدہ کر سکتے ہیں کہ ہماری معیشت کہاں کھڑی ہے ، ہماری برآمدات اور درآمدات کی صورتحال کیا ہے ؟ ہماری صنعتی پیداواری صلاحیت کتنی ہے ؟ جی ڈی پی گروتھ کہاں ہے ؟ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کیا رہ گئی اور مہنگائی کی صورتحال کیا ہے ؟ دنیا بھر سے موازنہ کرنے کی بات نہیں کر رہا، اپنے خطے کے ممالک بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار، بھوٹان اور نیپال کے ساتھ موازنہ کرلیں کہ آخر ہم کہاں کھڑے ہیں؟، ایران یا افغانستان کے ساتھ موازنہ کیا جائے یا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ، سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ہماری اس معاشی صورتحال کے ذمہ دار کون ہیں؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...