ریاض پر داغے گئے 3 میزائل تباہ ،حملے ناقابل قبول : شہباز

 ریاض پر داغے گئے 3 میزائل تباہ ،حملے ناقابل قبول : شہباز

یمنی صوبہ صعدہ ،تعز کے کئی علاقوں پر سعودی حملے ،ایک جاں بحق،دو زخمی

ریاض،اسلام آباد،قاہرہ(نیوز ایجنسیاں ،دنیا نیوز)سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ ریاض کی جانب داغے گئے تین میزائل فضا میں ہی تباہ کر دئیے ہیں۔ سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائلوں کو راستے میں تباہ کر دیا گیا تاہم ریاض میں موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔چند روز قبل حوثیوں کے میزائل حملوں میں ریاض کی بلند ترین عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

حوثی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول متعدد یمنی علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔ صوبہ صعدہ کے علاقے حیدان جبکہ تعز کے شہروں الشمایتین اور المواسط کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔حوثیوں کا کہنا ہے کہ صوبہ حجہ کے علاقے مستبہ پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں ایک شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ۔سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ان حملوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، جارحیت کے ایسے اقدامات علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے ۔ادھرمصر نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مصری وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی عرب قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے ۔ قاہرہ نے مملکت کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...