پارلیمنٹ ،منسٹر انکلیو کے 5 کروڑ 73 لاکھ کے 11منصوبے منظور
منصوبوں میں بجلی، لائٹنگ، فائر الارم، جنریٹر اور فواروں کی تنصیب و مرمت شامل
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ ہاؤس اور منسٹر انکلیو کے لیے مجموعی طور پر 5کروڑ 73 لاکھ 44 ہزار 561روپے مالیت کے 11ترقیاتی، مرمت اور دیکھ بھال کے منصوبوں کی منظوری دے دی ۔منظور شدہ منصوبوں میں پارلیمنٹ ہاؤس میں نصب ڈیزل جنریٹر کی سروس اور دیکھ بھال کے لیے 28 لاکھ 88 ہزار 628 روپے ، منسٹر انکلیو ایف فائیو کے مکان نمبر 26 کی الیکٹرک وائرنگ کے لیے 27 لاکھ 21 ہزار 995 روپے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے مین لان میں فواروں کے لیے واٹر سپلائی لائن بچھانے پر 29 لاکھ 60 ہزار 758 روپے خرچ کیے جائیں گے۔
اسی طرح پارلیمنٹ ہاؤس (آر آر سی) میں فائر الارم سسٹم،متعلقہ آلات کی سالانہ آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے 30 لاکھ 85 ہزار 920 روپے ، کولنگ ٹاور میں نصب آلات کی اپ گریڈیشن، تبدیلی اور دیکھ بھال کے لیے 41 لاکھ 37 ہزار 970 روپے مختص کیے گئے ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں ایل ای ڈی ٹیوب لائٹس، ایل ای ڈی ایس ایم ڈی لائٹس اور دیگر لائٹس کی فراہمی پر 43 لاکھ 62 ہزار 604 روپے ، عمارت میں ایئر کنڈیشننگ یونٹس کے آؤٹ ڈور یونٹس کی منتقلی، تنصیب اور کنڈینسیٹ ڈرین پائپ بچھانے پر 44 لاکھ 2 ہزار 762 روپے خرچ ہوں گے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے فرنٹ سائیڈ اور سپریم کورٹ کی جانب روشنی کے انتظامات کے لیے 48 لاکھ 41 ہزار 127 روپے ، آٹو چینج اوور سوئچ کی تبدیلی پر ایک کروڑ 20 لاکھ ایک ہزار 539 روپے ، منسٹر انکلیو ایف فائیو کے مکان نمبر 27 کی الیکٹرک وائرنگ پر 74 لاکھ 65 ہزار 654 روپے جبکہ مختلف مواقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں لائٹنگ اور آرائشی انتظامات کے لیے 76 لاکھ 72 ہزار 500 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ان منصوبوں پر کام کی نگرانی سی ڈی اے کرے گا جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments