پہلے پنجاب جادو ٹونے سے چلتا رہااب ہم کوڑے کو توانائی میں بدلنے جارہے : مریم نواز

 پہلے پنجاب جادو ٹونے سے چلتا رہااب ہم کوڑے کو توانائی میں بدلنے جارہے : مریم نواز

بارانی یونیورسٹی کیلئے نیا ہاسٹل، مزید 5 ہزار گرین بسیں لانے ، اپنی چھت پروگرام 5 لاکھ گھروں تک بڑھانے کا اعلان وزیراعلیٰ کا راولپنڈی میں شانداراستقبال،طلبہ میں لیپ ٹاپ ، ہونہار سکالرشپ کے چیک تقسیم ،منصوبوں کا افتتاح کیا

راولپنڈی (نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جو پنجاب مجھے ملا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں صوبے کو مؤکل چلا رہے تھے ۔ آج پنجاب اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں  ہزاروں ٹن کوڑا اٹھانے کے بعد اسے ضائع کرنے کے بجائے توانائی اور آمدن کا ذریعہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے ، کوشش ہے کہ کوڑے سے بائیو گیس تیار کرکے پاورپلانٹ لگائیں اور وہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں اس منصوبے کو عملی شکل دیں گی۔وزیراعلیٰ نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کی بارہویں تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بارانی یونیورسٹی کے لیے نیا ہاسٹل تعمیر کرنے ، پنجاب بھر میں مزید پانچ ہزار گرین بسیں لانے اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا دائرہ کار پانچ لاکھ گھروں تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے ۔ تقریب میں وزیراعلیٰ کا طلبا و طالبات نے پرجوش نعروں اور تالیوں سے استقبال کیا۔ مریم نواز شریف نے بھی گرمجوشی سے ان کے نعروں کا جواب دیا، طالبات سے شفقت کا اظہار کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو گارڈ آف آنر اور جنرل سلامی پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ میں جدید ترین 13ویں جنریشن کے کور آئی سیون لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کے چیک تقسیم کیے ۔تقریب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کی فیڈرل چارٹرڈ یونیورسٹیز کے طلبہ کو 3 ہزار 562 لیپ ٹاپ جبکہ 451 طلبہ کو 41.48 ملین روپے کے سکالرشپس فراہم کیے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ کی مجموعی تعداد 40 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 12 ہزار اور ہونہار سکالرشپس کی تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی ہے ۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے بھی پانچ ہزار سکالرشپس مختص کیے گئے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ بہت بڑی نعمت ہیں۔وزیراعلیٰ نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے ایک ہزار دن مکمل ہونے پر حکومتی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد صفائی کے نظام میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اگلے ایک ہزار دنوں میں کوڑے سے بجلی بنانے کے پلانٹس لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گیارہ سو گرین بسیں چل رہی ہیں، جن میں خواتین، طلبہ اور بزرگوں کو مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عام شہریوں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے ہے۔

راولپنڈی میں 80 سے زائد ماحول دوست الیکٹرو بسیں چلائی جا رہی ہیں اور آئندہ چند ماہ میں تین ہزار گرین بسیں 150 تحصیلوں میں دستیاب ہوں گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں گرین بس منصوبے سمیت کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار بیوٹیفکیشن منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ الجنت روڈ سے ففتھ روڈ تک کمرشل مارکیٹ کے 1580 فٹ طویل مرکزی بازار اور ملحقہ گلیوں کی 47 کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کی گئی ہے ۔ محرابی دیواروں، روایتی گٹکا ٹائلز، بینچز، سٹریٹ لائٹس، وکٹورین لائٹس اور پلانٹرز کے ذریعے بازار کو خوبصورت شکل دی گئی ہے ۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک اڑھائی لاکھ گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور اس پروگرام کو پانچ لاکھ گھروں تک بڑھایا جا رہا ہے ۔ پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے جبکہ 500 ارب روپے سے سیوریج اور ڈرینج نظام بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہاڑی، جہلم، چکوال، رحیم یار خان، شیخوپورہ، جھنگ، سرگودھا، مری اور ساہیوال میں جدید کیتھ لیب اور کارڈیالوجی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور فعال ہو چکا ہے جبکہ اگلے 18 ماہ میں راولپنڈی سمیت تمام ڈویژنز میں کینسر ٹریٹمنٹ یونٹس قائم کیے جائیں گے ۔ ایک ہزار کلینک آن ویلز کے ذریعے چار کروڑ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے ، مستحق مریضوں کو گھر کی دہلیز پر دو ماہ کی مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، 18 ہزار بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجری مکمل ہو چکی ہے اور فالج کے مریضوں کو چار لاکھ روپے مالیت کا انجکشن مفت فراہم کیا جا رہا ہے ۔ مفت ایمبولینس سروس بھی جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے سیف سٹی منصوبے کا دائرہ پورے پنجاب تک بڑھانے اور خواتین و بچوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان گالم گلوچ سے اجتناب کریں، والدین کا سر فخر سے بلند اور پاکستان کا پرچم ہمیشہ تھامے رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...