شوگرملوں پر پابندیاں ختم، مارکیٹ کی طلب اور کاروباری حالات کے مطابق پیداوار کی اجازت

 شوگرملوں پر پابندیاں ختم، مارکیٹ کی طلب اور کاروباری حالات کے مطابق پیداوار کی اجازت

وفاقی کابینہ ،سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دیدی،شوگر سیکٹر کو مسابقتی، مارکیٹ بیسڈ نظام پر منتقل کرنیکا فیصلہ گنے کے کاشتکاروں کو فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنیکی آزادی،قیمت کا تعین مارکیٹ میکنزم کے تحت،کاشتکاروں کو بہتر قیمت حاصل کرنیکا موقع ملے گا

 اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی) حکومت کے وژن کے تحت پاکستان کے شوگر سیکٹر میں جامع اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اصلاحات کے تحت شوگر ملوں پر پابندیاں ختم ، مارکیٹ کی طلب اور کاروباری حالات کے مطابق پیداوارکی اجازت ہوگی، پاکستان کے شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ بیسڈ نظام کی جانب منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا  ہے ، اس ضمن میں سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں اور وفاقی کابینہ نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے ۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور صوبوں کو اعتماد میں لے کر تیار کی گئی ہے ، جس کا بنیادی مقصد شوگر سیکٹر میں غیر ضروری ریگولیٹری پابندیوں کا خاتمہ، آزادانہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے ۔پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی حاصل ہوگی جبکہ گنے کی قیمت کا تعین مارکیٹ میکنزم کے تحت کیا جائے گ۔

، جس سے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کی بہتر قیمت حاصل کرنے اور تجارتی فیصلوں میں زیادہ آزادی کے مواقع میسر آئیں گے۔نئی اصلاحات کے تحت شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت کی منظوری سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد شوگر ملیں مارکیٹ کی طلب اور کاروباری حالات کے مطابق اپنی پیداواری سرگرمیوں کا تعین کر سکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد شوگر انڈسٹری میں نئی سرمایہ کاری اور صنعتی مسابقت کو فروغ دینا ہے ۔پالیسی میں چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے قابل پیش گوئی اور شفاف طریقہ کار متعارف کرانے ، برآمدی سبسڈی ختم کرنے اور ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت آسان بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں تاکہ آزادانہ تجارت اور مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دیا جا سکے ۔اعلامیے کے مطابق کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے ، زرعی پیداوار اور کارکردگی میں اضافے کے لیے فارم میکانائزیشن اسکیموں کو فروغ دینے اور ایتھنول بلینڈنگ کو لازمی قرار دینے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔

شوگر سیکٹر میں شفاف قیمتوں کے تعین اور مارکیٹ میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے کموڈیٹی مارکیٹس کی ترقی پر بھی توجہ دی جائے گی جبکہ ریگولیٹری رکاوٹوں کے خاتمے کے ذریعے صنعت میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا۔وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد کاشتکاروں، شوگر ملرز، تاجروں اور برآمد کنندگان سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچانا اور شوگر سیکٹر میں پیداوار، صنعتی کارکردگی، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنا ہے ۔حکومت کا کہنا ہے کہ شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کے ذریعے پاکستان کی شوگر انڈسٹری کو غیر ضروری حکومتی کنٹرول سے آزاد کرکے مسابقت، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت کے فروغ پر مبنی نظام کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...