اختیارات نہ ملیں توانتظامی یونٹس کی بات ہوگی، حافظ نعیم
عوام کوحقوق کے حصول کیلئے دباؤ، اجتماعی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا امیر جماعت اسلامی کی کراچی میں پریس کانفرنس، احتجاجی جلسوں کا شیڈول جاری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جب عوام کے مسائل حل نہ ہوں، حقوق، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل نہ دیے جائیں تو نئے انتظامی یونٹس کی بات ضرور ہوگی۔ ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے عوامی دباؤ اور اجتماعی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے مہنگائی، گورننس اور عوامی حقوق کیلئے احتجاجی جلسوں کا شیڈول جاری کردیا، 29نومبر کو مینار پاکستان لاہور، 12دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا نئے صوبوں کے مطالبے پر خون کی ندیاں بہنے کا کہنا کسی بھی قومی سطح کے سیاسی رہنما کے شایان شان نہیں، انہیں دھمکیوں کے بجائے دلیل، آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق بات کرنی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عوام میں بے چینی بڑھے گی، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو 18 سال کے دوران این ایف سی ایوارڈ، وفاقی گرانٹس اور رائلٹی کی مد میں تقریباً 40 ہزار ارب روپے ملے ، اس کے علاوہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی 1600 ارب روپے حاصل کیے گئے ، پیپلزپارٹی بتائے کہ اتنے بھاری وسائل کہاں خرچ ہوئے ، آج پورا سندھ بدحالی کا شکار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments