پشاور، بنوں میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 8دہشتگرد ہلاک

پشاور، بنوں میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 8دہشتگرد ہلاک

بڈھ بیر میں 5خارجی ہلاک،کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر شینے ساتھیوں سمیت فرار گریڑہ شاہ جہاں، کنگر و دیگر علاقوں میں 3دہشتگرد مارے گئے ،مشتبہ افرادگرفتار

پشاور ،بنوں(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)پشاور اور بنوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی) کے آپریشن میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، بتایا گیا کہ کاؤنٹر ٹیررازم  ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)پشاور ریجن نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم  تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کمانڈر تاج عرف شینے کی موجودگی پر علاقے میں آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے ، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ، دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، جبکہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔دریں اثنا بنوں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقوں گریڑہ شاہ جہاں، کنگر و دیگر ملحقہ دیہات میں زرگل عرف انکل گروپ کے دہشتگردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے 3 بدنام زمانہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔آپریشن سربلندی کے نام سے کیے جانیوالے گرینڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور سہولت کاری میں ملوث عناصر کو نشانہ بنایا گیا، کامیاب مشترکہ آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے ، اسلحہ گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ہلاک خارجیوں کا تعلق کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ سے بتایا گیا جن میں زرگل کا بھتیجا بھی شامل ہے ، ہلاک خارجی دہشتگرد پولیس، سکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور عام عوام پر حملوں، بھتہ خوری ، لوٹ مار و دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے ۔ڈی آئی جی بنوں نے کہا کہ کامیاب آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...