قانون میعاد،حکومت کورعایت نہیں دے سکتے : ہائیکورٹ

قانون میعاد،حکومت کورعایت نہیں دے سکتے : ہائیکورٹ

قانون چوکس لوگوں کا ساتھ دیتا ، سست روی کا نہیں:بینچ کے ریمارکس ٹیچر عمارہ حمید کی ملازمت پر بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل مسترد

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ٹیچر عمارہ حمید کی ملازمت پر بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قانونِ میعاد سب پر برابر لاگو ہوتا ہے ، حکومت کو خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی، عدالت نے قرار دیا کہ قانون چوکس لوگوں کا ساتھ دیتا ہے ، سست روی کا نہیں،عدالت نے پنجاب حکومت کی اپیل زائد المیعاد قرار دے کر مسترد کی، فیصلے کے مطابق اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل 2019 تھی، تاہم حکومت نے 28 روز تاخیر سے اپیل دائر کی جبکہ تاخیر معاف کرانے کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔

عدالت نے قرار دیا کہ حکومت کی جانب سے تاخیر معاف کرانے کی درخواست نہ دینا مہلک غلطی ہے ، رجسٹرار آفس نے 4 اپریل کو دائر کی گئی نامکمل اپیل پر اعتراضات عائد کئے تھے ، جبکہ مصدقہ فیصلے کی کاپی کے 12 دن نکالنے کے باوجود اپیل 28 روز تاخیر سے دائر ہوئی، فیصلے میں کہا گیا کہ عمارہ حمید اب مستقل ہو چکی ہیں اور ان کا حق مستحکم ہو چکا ہے ، سنگل بینچ نے 2019 میں عمارہ حمید کی تقرری بحال کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف پنجاب حکومت نے اپیل دائر کی تھی، تاہم اپیل سات سال سے زائد عرصہ زیرالتوا رہی اور حکومت نے اس کی جلد سماعت کی کوشش نہیں کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...