زوالفقار بابر نے بلے بازوں کیلئے نیا سپن ہتھیار کیرم بال تیار کرلیا
سپن باؤلنگ کی دنیا میں اپنا اوراپنے وطن کا نام اونچا کرنا چا ہتا ہوں ،نئی ورائٹی سے حریف بیٹسمینوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب رہوں گا :ذوالفقاربابر
لاہور (دنیا نیوز)قومی کرکٹ ٹیم میں شامل سپن باؤلر ذوالفقار بابر نے بلے بازوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ جلد گیند کی ایسی ورائٹی ’’کیرم بال ‘‘متعارف کرارہے ہیں جس کو کھیلنا آسان نہیں ہوگا ۔ذوالفقار بابر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اگلے انٹر نیشنل میچوں میں کیرم بال متعارف کرا ئیں گے ، اس انداز کی باؤلنگ سے وہ حریف بیٹسمینوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ذوالفقار بابر نے اس حوالے سے روزنامہ دنیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپن باؤلنگ کی دنیا میں اپنا اوراپنے وطن کا نام اونچا کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے وہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کے لئے کارکردگی دکھانے کے خواہا ں رہتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کیر م با ل پر بہت محنت کی ہے اور جلد انٹرنیشنل مقابلوں میں اس ورائٹی کو متعارف کرا دوں گا جس سے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ذوالفقار بابرنے کہا کہ ملک بھر میں کرکٹ کا بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے اوران سے بھی بہتر کئی باؤلر موجود ہیں ،ضرورت صرف ان کو ٹھیک طریقے سے متعارف کرانے اور حوصلہ افزائی کرنے کی ہے ۔