سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن میں چار نئے اراکین کی شمولیت
سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس گزشتہ روز کسٹمزپریوینٹو اینڈ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) اجلاس میں شامل تمام ممبران نے متفقہ رائے سے چارنئے عہدیداران کو ایسوسی ایشن میں شامل کرنے کی منظوری دیدی۔انتظارحسین کو وائس چیئرمین کے عہدے پر منتخب کیا گیا، سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کاشف احمد فاروقی کا بحیثیت جوائنٹ سیکریٹری چناؤ عمل میں آیاجبکہ بحریہ کالج کے اسپورٹس ڈائریکٹر خالد ضیاء اور مسرت شاہ کو ایگزیکٹوکونسل میں بحیثیت ممبر شامل کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور نئے ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلے کئے گئے۔ سیکریٹری نصرت حسین نے تمام اسپورٹس ایونٹس کی رپورٹ پیش کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے تحت جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ26 نومبرسے کسٹمز پریوینٹو اینڈ اسپورٹس کمپلیکس دستگیر میں کھیلا جائیگا جس میں کھلاڑیوں کی عمر کی حد 18سال مقررکی گئی ہے۔ اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائیگی تاکہ زائد العمر کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرسکیں۔