پریمیئرلیگ فٹ بال:پاکستان نیوی نےبی ڈویژن ٹرافی اپنےنام کرلی

پریمیئرلیگ فٹ بال:پاکستان نیوی نےبی ڈویژن ٹرافی اپنےنام کرلی

فائنل میں بلوچ فٹ بال کلب نوشکی کودلچسپ مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست، فیصلہ کن گول عبدالرحمٰن نے پہلے ہاف میں کیا قومی ایونٹ کی فیئر پلے ٹرافی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نام، بلوچ ایف سی کے شیر دل پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام گیارہویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ بی ڈویژن ٹرافی نیوی نے اپنے نام کرلی۔ فائنل میں پاکستان نیوی نے بلوچ فٹ بال کلب نوشکی کو0-1 شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم کراچی میں نیوی کے عبدالرحمٰن پہلے ہاف کے 43 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔وقفے پر مقابلہ نیوی کے حق میں1-0 تھا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے فارورڈز نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے ۔ نیوی کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے عمدہ کارکردگی سے بلوچ کلب نوشکی کے کئی حملے روک کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کمشنر قمریار خان تھے ۔ فائنل کے اختتام پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل احمد یار لودھی نے انعامات تقسیم کئے ۔ نیوی کو ٹرافی کے ساتھ ڈیڑہ لاکھ روپے اور رنرز اپ بلوچ کلب نوشکی کو ایک لاکھ روپے ٹرافی کے ساتھ دیئے گئے ۔فیئر پلے ٹرافی اور 40 ہزار روپے کی انعامی رقم ہائر ایجوکیشن کمیشن کو دی گئی۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بلوچ کلب نوشکی کے شیر دل کو،بہترین اسکور کا ایوارڈ سوئی گیس کے سعد اﷲ کو اور بہترین گول کیپر کا انعام نیوی کے شہروزکو دیا گیا، تینوں پلیئرز کو فی کس40,40ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ گیارہویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں سابق قومی و لیگ چیمپئن پاکستان واپڈا کو مسلم فٹبال کلب چمن کے ہاتھوں1-0سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کا فیصلہ کن گول محمد حنیف نے اسکور کیا۔کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں مسلم کلب چمن نے پہلے ہاف کے 30ویں منٹ میں محمد حنیف کے گول کی بدولت سبقت حاصل کر لی۔ وقفے پر مسلم کلب چمن 1-0سے جیت رہی تھی۔واپڈا نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ واپڈا کے حسنین عباس کو35 ویں منٹ میں اور نوید ممتاز کو45+3 ویں منٹ میں یلوکارڈز دکھائے گئے۔ آج ڈاکٹر محمد علی شاہ اسٹیڈیم میں کے آر ایل کا مقابلہ بلوچ کلب کوئٹہ سے ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں