بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی ستارے جگمگائیں گے

 بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی ستارے جگمگائیں گے

کومیلا نے آفریدی کوحاصل کر لیا ، سہیل تنویر، عرفان ، سمیع، یاسر مختلف ٹیموں میں شامل

ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی ستارے جگمگائیں گے ۔ دفاعی چیمپئن کومیلا وکٹوینز نے شاہدآفریدی کوحاصل کر لیا ۔ سہیل تنویر، محمد عرفان ،عامر یامین ، محمد سمیع، یاسرشاہ مختلف ٹیموں میں شامل ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق بنگلہ دیشی بیٹسمین محمد اشرفل کو میچ فکسنگ پر پانچ سالہ سزا مکمل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ کیلئے چٹا گانگ وائی کنگز نے معاہدے سے نواز دیا ۔ گزشتہ روز پلیئرز ڈرافٹ تقریب میں پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی خدمات کومیلا وکٹورینز نے حاصل کر لیں جو گزشتہ سیزن میں ڈھاکا ڈائنا مائٹس کی نمائندگی کر رہے تھے ۔عامر یامین اور شعیب ملک بھی کومیلا وکٹورینز کا حصہ ہیں۔ مذکورہ فرنچائز نے ایون لوئس ، وقار سلام خیل، سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کو بھی حاصل کر لیا ہے ۔ پاکستانی فاسٹ بالر محمد عرفان ، پیٹ براؤن، گلبدین نائب، آندرے فلیچر، ویسٹ انڈیز کے فیبین ایلن اور نکولس پورن کو سہلٹ سکسرز نے خریدا جس کے اسکواڈ میں سہیل تنویر پہلے سے موجود ہیں۔ پاکستانی لیگ اسپنریاسر شاہ کھلنا ٹائٹنز کی نمائندگی کریں گے جس نے اتوار کو پلیئرز ڈرافٹ میں زمبابوین بیٹسمین برینڈن ٹیلر ، سری لنکن پیسر لسیتھ مالنگا، افغانستان کے ظاہر خان اور ویسٹ انڈیز کے شیرفان ردر فورڈ کو حاصل کر لیا ۔ سابق قومی پیسر محمد سمیع راج شاہی کنگز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ سری لنکا کے اسورو اوڈانا ، ریان ٹین ڈیسکاٹے ، سیکوگے پرسنا، لاری ایونز بھی مذکورہ فرنچائز میں شامل ہوگئے ۔ ڈھاکا ڈائنا مائٹس نے جنوبی افریقہ کے اینڈریو برچ اور انگلش پلیئر ایان بیل کو حاصل کیا۔ رنگ پور رائیڈرز کو انگلش آل راؤنڈر روی بوپارا ، بینی ہوویل ، او شین تھامس ، جنوبی افریقی بیٹسمین رلی روسو کی خدمات حاصل ہو گئی ہیں۔ چٹا گانگ وائی کنگز کیلئے بنگلہ دیشی وکٹ کیپر مشفق الرحیم ایکشن میں نظر آئیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں