سندھ اوپن اسکواش:ناصر اقبال مینز اور فائزہ ظفر ویمنزایونٹ کی ٹرافی پر قابض
سندھ اوپن اسکواش چیمپئن شپ سرکٹ تھری مینز ایونٹ کا ٹائٹل ناصراقبال جبکہ ویمنز ایونٹ کی ٹرافی فائزہ ظفر نے اپنے نام کرلی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ رینجرز جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے مینز ایونٹ کے فائنل میں ناصر اقبال نے عماد فرید کو محض 24 منٹ میں تین اسٹریٹ گیمز میں ٹھکانے لگا دیا جبکہ ویمنز ایونٹ کے فائنل میں فائزہ ظفر نے آمنہ فیاض کو کسی مزاحمت کے بغیر تین،صفر سے مات دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔اس سے قبل منگل کو ہی کھیلے گئے مینز ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں عماد فرید نے وقاص محبوب کو تین،ایک جبکہ ناصر اقبال نے ظاہر شاہ کو تین، صفر سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ویمنز ایونٹ کے لاسٹ فور راؤنڈ میں آمنہ فیاض نے زینب خان جبکہ فائزہ ظفر نے مدینہ ظفر کو زیر کیا تھا۔