نو عمر نسیم شاہ انگلینڈ کے دورے کیلئے ذہنی طور پر تیار

نو عمر نسیم شاہ انگلینڈ کے دورے کیلئے ذہنی طور پر تیار

انگلش ماحول میں پہلی بار کھیل کر کارکردگی دکھانے اور سیکھنے کی کوشش ہوگی:پیسر

لاہور(سپورٹس ڈیسک)نو عمر پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دورہ انگلینڈ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ انگلش ماحول میں پہلی بار کھیلتے ہوئے کارکردگی دکھانے اور سیکھنے کی کوشش کریں گے تاکہ اپنے کھیل میں مزید نکھار لا سکیں۔نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ پر سماجی فاصلوں کا خیال رکھنا کافی مشکل ضرور ہے لیکن موجودہ حالات میں اس کے سوا کوئی راستہ بھی نہیں کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے کیونکہ کورونا وائرس سے بچاؤ تو کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سب کھلاڑیوں کی یہی کوشش ہوگی کہ فیلڈ پر احتیاط کی جائے اور جب حالات بہتر ہو جائیں گے تو پھر سب کچھ پہلے جیسا نارمل ہو جائے گا۔نو عمر فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کی اپنی عادات ہیں لیکن اب ان پر بھی عمل کرنا ہوگا اور اگر کوئی متبادل طریقہ وضع کیا گیا تو وہ بھی اس کی پاسداری کریں گے لیکن درست اندازہ اسی وقت ہو سکے گا جب وہ میدان پر اتر کر کھیل میں حصہ لیں گے کہ لعاب کے استعمال کے بغیر گیند کی چمک اور سوئنگ پر کیا فرق پڑے گا۔سنٹرل کنٹریکٹ کے حصول پر خوشی کا اظہار کرنے والے پیسر کا کہنا تھا کہ انہیں جس فارمیٹ پر موقع ملا اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں