ہیڈکوچ دباؤ میں کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کے متمنی

ہیڈکوچ دباؤ میں کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کے متمنی

شکست پر مایوس مگریہی کرکٹ ہے ،امیدکا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے:مصباح الحق

مانچسٹر (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہم بھی مداحوں کی طرح مایوس ضرور ہیں مگر یہی کرکٹ ہے اور امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی کے درمیان بہت معمولی فرق ہوتا ہے اور ہار کے بعد خود کو قصور وار ٹھہرانا آسان ہے تاہم ہمیں یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہئے کہ پاکستانی ٹیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور آخری سیشن کے علاوہ میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔ یقینا ہمیں اپنے کھیل میں دس ،پندرہ فیصد مزید بہتری اور کھلاڑیوں کو دباؤ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ شکست پر مایوسی ضرور ہے مگر اس کو ذہنوں میں نہیں رکھ سکتے ورنہ سیریز میں واپسی مشکل ہو جائے گی۔ کھلاڑیوں کو بھی خود پر بھروسہ ہے کہ آئندہ میچوں میں وہ اچھا کھیل پیش کر سکتے ہیں ۔ مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کو فائٹ بیک پر کریڈٹ دینا چاہئے جو خسارے کا شکار ہونے کے باوجود ہم سے فتح چھین کر لے گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں