آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان

آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن کیلئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا جس کے ساتھ امپائرز کی تعداد،معاوضوں اور مالی فوائد میں بھی اضافہ کردیا گیا جبکہ ثمن ذوالفقار سپلیمنٹری پینل میں شامل ہونے والی ۔۔

پہلی خاتون میچ ریفری قرار پا گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن 2023-24ء میں چار سال کے بعد دوبارہ علاقائی اور ادارتی ٹیموں کا پرانا سسٹم بحال کردیا جائے گا جس میں تقریباً دوسو فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گزشتہ سیزن کے دوران فرسٹ الیون کے مجموعی طور پر 97میچز کھیلے گئے تھے مگر دو ہزار چودہ کا آئین بحال ہونے پر میچوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا لہٰذا ہر کیٹگری میں میچ آفیشلز کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیاہے جس سے میچ آفیشلز کو موجودہ نظام میں کام کرنے کے نہ صرف زیادہ مواقع ملیں گے بلکہ ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔پی سی بی نے ایلیٹ اور سپلیمنٹری پینل کے ماہانہ ریٹینر میں بیس فیصد اضافہ کردیا ہے جبکہ میچ آفیشلز کی میچ فیس ،ڈیلی الاؤنسز اور ریٹائرمنٹ کے فوائد میں بھی بیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میچ ریفریز کے پینل میںعلیم خان موسٰی ، اطہر لئیق ،بلال خلجی، کامران چوہدری۔،خالد جمشید، محمد اسلم اور سہیل ادریس کی شمولیت سے ریفریز کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ ایک وقت میں آٹھ میچوں کے نعقاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایلیٹ امپائرز کے پینل کی تعداد بھی 14سے بڑھاکر 23کردی ہے۔ 9میچ آفیشلز عبدالمقیط، اسلم بریچ، فاروق علی خان ، غلام سرور، عمران اللہ اسلم ،کاشف سہیل ، ماجد حسین ، قیصر خان اور ذوالفقار جان کوسپلیمنٹری سے ایلیٹ پینل میں ترقی دی گئی ہے ۔ سپلیمنٹری پینل کے آفیشلز نان فرسٹ کلاس اور پاتھ وے میچوں کے ساتھ فرسٹ الیون میچز کیلئے بھی دستیاب ہوں گے اور جن 9 میچ ریفریز کو ترقی دی گئی ہے ان میں اولین خاتون میچ ریفری ثمن ذوالفقار بھی شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں