محمد رضوان کی فخر زمان سے بیٹنگ پوزیشن بدلنے پر رضامندی

محمد رضوان کی فخر زمان سے بیٹنگ پوزیشن بدلنے پر رضامندی

کولمبو(اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے فخر زمان سے بیٹنگ پوزیشن بدلنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پلیئر آف دی منتھ رہ چکے لہٰذا تین یا چار خراب اننگز سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔۔

کیونکہ وہ عام خیال کے برعکس آؤٹ آف فارم نہیں ہیں اور ان کی گزشتہ اننگز دیکھ کر اندازہ ہو سکتا ہے کہ بال ان کے بیٹ پر عمدگی سے آرہی ہے اور وہ مختلف انداز سے آؤٹ ہو رہے ہیں تو کسی ٹیکنیکل خامی کا بھی امکان نہیں ہے ۔میڈیا سے گفتگو میں محمد رضوان نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم کو اوپننگ کامبی نیشن میں تبدیلی کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اگر ہوئی تو وہ ٹیم انتظامیہ سے ذاتی طور پر درخواست کریں گے کہ وہ فخر زمان سے بیٹنگ پوزیشن بدلنے کیلئے تیار ہیں۔قومی وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ موسم پر کسی کا کنٹرول نہیں مگر بھارت کو ہرانے کیلئے محنت کرنا ان کے ہاتھ میں ہے جو ان سمیت تمام کھلاڑی کر رہے ہیں کیونکہ تیاری کرنے سے بہرحال فرق پڑتا ہے تاہم جیسے پاکستانی ٹیم جیتنا چاہتی ہے اسی طرح بھارتی کھلاڑی بھی جیت کے خواہاں ہیں اور جب بھی تمام کھلاڑی یکجا ہوتے ہیں تو کارکردگی کی بات کی جاتی ہے جس کی وجہ تمام کھلاڑیوں سے اچھے تعلقات ہیں اور یہ صرف بھارت کی حد تک نہیں بلکہ وہ تمام ممالک کی بات کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی نمبر ون ٹیم بنانے میں قومی فاسٹ بالرز کا اہم کردار ہے جو تمام ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں