پاک نیوزی لینڈ چوتھا ٹی 20 آج ، دونوں ٹیمیں برتری کیلئے پر عزم

پاک  نیوزی  لینڈ  چوتھا  ٹی  20  آج  ،  دونوں  ٹیمیں  برتری  کیلئے  پر  عزم

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں اورمقابلہ 1-1 سے برابر ہے ۔

پہلا ٹی میچ بارش کی نذر ہوا،دوسرا میچ پاکستان اورتیسرا نیوزی لینڈنے جیتاتھا ،آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں برتری کیلئے پرعزم ہیں ۔پاکستانی کپتان بابراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سیریز جیتیں، پچھلے میچ کی غلطیوں سے سیکھیں گے ، ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھ کر کھیل رہے ہیں۔ ورلڈکپ سے پہلے تیاریاں کرنے کے لیے یہ سیریز ایک اچھا موقع ہے ، اسی لیے مختلف کمبینیشن آزما رہے ہیں، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔ اس سیریز میں مختلف تجربے کیے جا سکتے ہیں کیونکہ مقصد ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے ۔ ہم ہر کھلاڑی کو موقع دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سب کھلاڑی تیار رہیں، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی انجری اتنی خاص نہیں لیکن احتیاط کے طور پر آخری دو میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مائیکل بریسویل کا کہنا تھاکہ کہ گزشتہ میچ کی جیت سے ہمیں کافی اعتماد ملا، اگلے دو میچز میں مزید بہتر پرفارم کریں گے ۔ ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیریز کا رزلٹ بہت اہم ہے ، بابراعظم کے خلاف رنز روکنے کی کوشش کرتا ہوں جس کی وجہ سے کامیابی ملی، کیوی کپتان نے کہا مارک چیپمین کا پاکستان کیخلاف بہت بہترین ٹریک ریکارڈ ہے جس کا ہمیں بھرپور فائدہ ہوا ہے ، چیپمین نے بہت زبردست اننگز کھیلی، ان کا شکریہ کہ ان کی وجہ سے ہم جیتے ۔ شاہین آفریدی شروع کے اوورز میں بہت اچھی بولنگ کرتے ہیں، تاحال بہت ہی بہترین سیریز دیکھنے کو ملی ہے ، آئندہ آنے والے میچز بھی امید کرتے ہیں بہترین ہوں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں