پی ایس ایل10 کیلئے 8اپریل سے 20مئی کی ونڈو تجویز

 پی ایس ایل10 کیلئے  8اپریل  سے  20مئی  کی  ونڈو  تجویز

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے ونڈو تجویزکر دی گئی۔پی سی بی اورپی ایس ایل کی چھ فرنچائززکے جنرل کونسل اجلاس میں اگلے برس ہونے والے پی ایس ایل 2025 کیلئے 8 اپریل سے 20 مئی تک کی ونڈو تجویز کی گئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے فرنچائزز کو اس حوالے سے تجاویز پیش کر دی گئی ہیں۔ ونڈو کھلاڑیوں کی سہولت، ورک لوڈ مینجمنٹ اور مصروفیات کو مدنظر رکھ کر تجویز کی گئی ہے ، تمام فرنچائزز کو ایک مارکی پلیئر سے معاہدے کی سہولت دے دی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائزز اگلے ایک سے دو ماہ میں مارکی پلیئر سے معاہدہ کر سکیں گی، مارکی پلیئر سے معاہدے کیلئے پی سی بی مالی معاونت بھی کرے گا۔ کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میچوں کی میزبانی کریں گے جس میں ہر ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کم از کم پانچ میچ کھیلے گی۔ پی سی بی اضافی مقامات کی تلاش جاری رکھے گا۔ چار پلے آف ایک غیر جانبدار وینیو پر منعقد کرنے کی تجویز ہے ۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہاکہ ہمیشہ کی طرح ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2025 کے لیے ونڈو پر فرنچائز مالکان کے ساتھ ہماری مفیدگفتگو ہوئی ہے ۔ ْپرجوش فرنچائز مالکان نے پی سی بی کی تجویز کردہ ونڈو اور پلے آف کے مقامات کے بارے میں اپنی تجاویز اور آرا دیں۔ اس میٹنگ میں ہونے والے تبادلہ خیال کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کی موزوں ترین ونڈو کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ مزید ڈیٹا فرنچائز مالکان کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ وہ آپس میں بات چیت کر سکیں۔ زیادہ باخبر فیصلہ کر سکیں اور اپنے خیالات کا تبادلہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے برانڈز میں سے ایک کے مستقبل کے لیے بروقت فیصلے کرنے کے لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں