پڑھا لکھا پلیئر ایک ان پڑھ کرکٹر سے بہترہوتا ہے :محمد علی

 پڑھا لکھا پلیئر ایک ان پڑھ کرکٹر سے بہترہوتا ہے :محمد علی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پی ایس ایل میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد علی نے کہا ہے کہ پڑھا لکھا کرکٹر ان پڑھ کھلاڑی سے بہتر ہوتا ہے ۔

ایک انٹرویومیں ان کا کہناتھاکہ علم کا حامل شخص اور جاہل کبھی برابر نہیں ہو سکتے ، پڑھا لکھا پلیئر ایک ان پڑھ کرکٹر سے بہترہوتا ہے ، تعلیم کسی بھی فیلڈ میں کامیاب ہونے کے لئے ضروری ہے ۔ پاکستان میں کبھی کھلاڑیوں کیلئے تعلیم کو ترجیحات میں شامل نہیں کیا گیا، نوجوانوں کیلئے ٹیلنٹ، محنت، ذہانت کے ساتھ تعلیم بھی اہمیت کی حامل ہے ۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ تعلیم پر بھی ضرور توجہ دیں، پڑھے لکھے کرکٹر کا اعتماد بھی زیادہ ہوتا ہے اور وہ چیزوں کو جلدی سیکھ لیتا ہے ۔محمد علی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے ذریعے وائٹ بال فارمیٹس کی تیاری آسانی سے ہو جاتی ہے ، ٹیسٹ کرکٹ دراصل فٹنس اور سکلز کا ٹیسٹ ہوتا ہے ، میں نے پی ایس ایل میں کچھ الگ نہیں کیا، میرے لئے صرف بال کا رنگ تبدیل ہوا تھا۔میں سیکھنے کیلئے وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر اور کی ویڈیوز دیکھتا ہوں جبکہ شین بانڈ اور ڈیل سٹین میرے پسندیدہ فاسٹ باؤلرز ہیں۔ میرا کام ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دینا ہے بیشک موقع ملے نہ ملے ، میرے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت ٹیسٹ میچ اور پی ایس ایل کے جتنی ہی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں