پی سی بی نے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

پی سی بی نے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے مالی سال 25- 2024ء کے بجٹ کی منظوری دے دی۔قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کیلئے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرد یئے گئے ۔

بجٹ اجلاس میں ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے تمام ممبران نے شرکت کی، جس میں پی سی بی کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے تینوں وینیوز کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے 4 ارب 50 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی جبکہ ویمن کرکٹ کا بجٹ پہلی بار 7 کروڑ روپے سے بڑھا کر 24 کروڑ روپے کرنے کے ساتھ ان کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔ اراکین کو اگلے برس پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے انٹرنیشنل معیار کے انتظامات کیے جائیں گے ، ایونٹ سے قبل سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جائے گا۔سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن سے شائقین کرکٹ کے لیے سہولتیں بہتر ہوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں