چیمپئینز ٹرافی 2025 میں شرکت، بھارت کے ناز نخرے جاری

چیمپئینز ٹرافی 2025 میں شرکت، بھارت کے ناز نخرے جاری

کراچی(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بھارت پھر ناز نخرے دکھانے لگا، ٹیم کے پاکستان آنے کا معاملہ رواں ماہ آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں زیرغور آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں پوری طرح بحال ہوچکی ہیں، تمام چھوٹی بڑی ٹیمیں دورہ کرچکیں اور آنے والے سیزن میں بھی ٹاپ سائیڈز یہاں پر کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار بیٹھی ہیں، مگر بھارت نہ صرف پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ کھیلنے کو تیار نہیں بلکہ کسی بھی ٹورنامنٹ کیلئے یہاں پر آنے سے بھی جان چھڑاتا رہا ہے ۔گزشتہ برس ایشیا کپ کیلئے دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا تھا، پی سی بی نے میزبانی بچانے کیلئے نام نہاد ہائبرڈ ماڈل پیش کیا، جس کے تحت بھارت نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے ، اب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بھی نخرے شروع ہوگئے ، چند روز قبل تک بھارت کی جانب سے چند مثبت اشارے ملے تھے مگر اب پھر بی سی سی آئی کی جانب سے حکومتی اجازت کے پرانے بہانے سامنے آنے لگے ہیں۔پاکستان کو آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے ، اس میں بلیو شرٹس کی شرکت کا معاملہ آئی سی سی کے اجلاس میں اٹھایا جاسکتا ہے ۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹیم کا شوپیس ایونٹ کیلئے بھی پاکستان کا سفر ممکن نہیں ہے ، اس کی وجہ سکیورٹی صورتحال کے بجائے دونوں ممالک کے سیاسی تعلقات ہیں۔رواں ماہ سری لنکا میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ ہوگی، اس میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے مجوزہ شیڈول پر بھی بات ہوگی ، بھارت کی ٹورنامنٹ میں شرکت کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ بی سی سی آئی ذرائع نے جہاں چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے دورے کو ناممکن قرار دیا وہیں یہ بھی واضح کیا کہ حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں