پی ٹی آئی احتجاج کے دوران تشدد سے شہید ہونیوالے کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پولیس کے مطابق عبدالحمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
جاں بحق پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پنجاب عثمان انور، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، چیف کمشنر محمد علی رندھاوا اور پولیس و ایف سی اہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس کے مطابق شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوئیں، اس دوران پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کی زد میں آکر کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کی بلندیء درجات کی دعا اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا، اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں بھی سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا۔
وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرپسندوں کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے لواحقین سے تعزیت کی۔
وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والے شرپسندوں کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلیٰ رتبہ پانے پر عبدالحمید شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔