سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی میں بنگلہ دیش سے شکست کاچرچا

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی میں بنگلہ دیش سے شکست کاچرچا

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولیوشن کا سینیٹر زرقا تیمور کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔۔

جس میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست کا چرچا رہا اور سینیٹر زرقاء تیمور نے کہا کہ ہم اپنے میدان میں بنگلہ دیش سے ہار گئے ۔ فنکشنل کمیٹی نے پی سی بی کی کارکردگی پر سیکرٹری کابینہ کو طلب کر لیا۔ سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ نگران حکومت نے پی سی بی کا کنٹرول کابینہ ڈویژن کو دیدیا،پی سی بی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں احتساب کون کرے گا؟ کھیلوں کی 44 فیڈریشنز کو ہم فنڈ کرتے ہیں۔سینیٹر زرقا تیمور نے کہا کہ ہاکی سکواش میں ہم نمبر ون تھے اب کہاں ہیں؟فیڈریشنز کے سربراہوں کا احتساب کون کرتا ہے ؟کس کا احتساب ہوا ہمیں بتائیں۔سیکرٹری آئی پی سی نے بتایا کہ عالمی قانون یہ کہتا ہے کہ حکومت ان فیڈریشنز میں مداخلت نہیں کر سکتی، 4 فیڈریشنز کی انکوائریز حال ہی میں مکمل کی گئی ہیں،تہران میں ایتھلیٹکس فیڈریشن کے عہدیدار کمرے میں سوتے رہے ،ایتھلیٹ شجر عباس اس کوتاہی کی وجہ سے اپنی گیم میں حصہ نہیں لے سکے ۔باکسنگ فیڈریشن کے خلاف بھی این او سی نہ لینے پر تحقیقات کی گئی ہیں۔چیئر پرسن نے کہا کہ ارشد ندیم کو سر پر بٹھا لیا گیا مگر اس سے پہلے اس کے پاؤں میں جوتا نہیں تھا،یہ وزارت اٹھارویں ترمیم کے بعد غیر قانونی ہے ۔ سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ وزارت کے امور مشترکہ مفادات کونسل کے پاس جانے چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں