پاکستان پر بنگلہ دیش سے پہلی بار وائٹ واش کے بادل گہرے

پاکستان  پر  بنگلہ دیش  سے  پہلی  بار وائٹ واش  کے  بادل  گہرے

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر) ٹیسٹ سیریز میں پاکستان پر بنگلہ دیش سے پہلی بار وائٹ واش کے بادل گہرے ہوگئے ،قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں 172رنز پر ڈھیر ہوگئی۔۔

 مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 185رنز کا ہدف دیدیا، بنگال ٹائیگرز نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 42رنز بنا لیے ۔ بادل چھا جانے سے روشنی کم ہوگئی اور خراب روشنی کے باعث چائے کے وقفے کے بعد کھیل روک دیاگیا۔ سیریز میں کلین سویپ کیلئے بنگلہ دیش کو مزید 143رنز درکار ہیں۔ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی، ایک وقت پر آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے مزاحمت کی اور پاکستان کا سکور جب 136 رنز پر پہنچا تو محمد رضوان آئوٹ ہو گئے ، انہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 47 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے 4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔گرین شرٹس پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی تھی۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے ۔بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آٹ کیا۔مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو ئی تھی، اس طرح پہلی اننگز میں پاکستان کو 12رنز کی برتری حاصل تھی۔ابتدا میں بنگلہ دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آئوٹ ہو گئے تھے ، لٹن داس نے شاندار سنچری اور مہدی حسن نے 78 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے سپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں