شبیر احمدضلع ڈیرہ غازی خان کے کوچ کے عہدہ سے الگ

 شبیر احمدضلع ڈیرہ غازی خان کے کوچ کے عہدہ سے الگ

لاہور(سپورٹس ڈیسک )سابق ٹیسٹ کرکٹر شبیر احمد نے گراس روٹ لیول پر ناانصافیوں سے مایوس ہو کر ضلع ڈیرہ غازی خان کے کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا۔

شبیر احمد نے سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی خدمت کا عہد کیا تھا۔ گراس روٹ لیول پر مسائل ہی مسائل ہیں، گروپ بندی ہے ، وزراء تک تعلقات ہیں، میرٹ پر اگر ہم کام کرنا چاہیں تو بہت مشکل پیش آتی ہے ۔ یہاں پر جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا سسٹم چلتا ہے ، میرٹ کا خیال نہیں رکھا جاتا، ایک لڑکا پورا سال محنت کرتا ہے جبکہ دوسرا سفارش کرا کے اس کی جگہ مار دیتا ہے انہی معاملات کی وجہ سے ہماری کرکٹ یہاں پہنچی اور ہم بنگلا دیش سے بھی ہار گئے ، مایوسی اور تکلیف ہے لیکن گراس روٹ کرکٹ سے الگ ہو رہا ہوں۔ دوسری طرف پی سی بی کی انکوائری میں شبیر احمد نوجوان کھلاڑی حدیفہ شفیق کے خلاف ثبوت پیش نہ کرسکے جس کے باعث کرکٹر کو بری کردیا گیا ہے ۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ نے انکوائری کا اعلان کیا تھا اور شبیر احمد اور کھلاڑی حذیفہ شفیق پر ڈسپلن کی انکوائری بٹھائی گئی تھی۔شبیر احمد نے حذیفہ شفیق پر ڈسپلن کے الزامات لگائے تھے جبکہ پی سی بی کی انکوائری میں کھلاڑی کو الزامات سے بری کیا گیا۔ کوچ شبیر احمد کھلاڑی کے خلاف ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں