دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

دلچسپ  مقابلے  کے  بعد  پاکستان  کو  آسٹریلیا  کے  ہاتھوں  شکست

میلبرن(سپورٹس ڈیسک )پہلے ون ڈے میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔۔

 کپتان پیٹ کمنز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ فاسٹ بولر مچل سٹارک کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔آسٹریلیانے ٹاس جیت کر پاکستان کوبیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم نے 204 رنز کا ہدف دیا ، اننگز شروع ہوتے ہی صائم ایوب ایک رن بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ تین رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 24 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق بھی 12رنز بنا کر چلتے بنے ۔پھرکپتان محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان 39 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اوربابراعظم 37 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ اسکے بعد کامران غلام 5 رنز اور سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے ۔کپتان محمد رضوان 44 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار بیٹھے اور مارنس لبوشین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ محمد رضوان کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 24 رنز بنائے لیکن 148 کے مجموعی اسکور پر مچل سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ڈیبیو کرنے والے عرفان خان 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے اور حارث رؤف صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ نسیم شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 40 رنز بنائے ۔مچل سٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں،ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو متیھیو شارٹ 19 کے مجموعی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اوپنر جیک فریزر 16 رنز بنا کر 28 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔اسکے بعد سٹیو سمتھ اور جوش انگلز کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے ، 113 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیو سمتھ 44 نز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور اسکے بعد 139 کے مجموعی سکور پر جوش انگلز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ مارنس لبوشین 16 اور گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ آرون ہارڈی 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔آسٹریلوی ٹیم کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد کپتان پیٹ کمنز اور سین ایبٹ کے درمیان 30 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس سے میزبان ٹیم فتح کے قریب پہنچ گئی۔ 185 کے سکور پر سین ایبٹ کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے جس کے بعد مچل سٹارک وکٹ پر آئے اور پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو فتح دلائی۔کپتان پیٹ کمنز نے 4 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،اس طرح آسٹریلیا نے 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،فاسٹ بولر حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کا پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں