پاکستان نے22سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیت لی :ٹیم پر فخر،امید ہے مزید کامیابیاں سمیٹے گی :صدر، وزیراعظم

پاکستان نے22سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیت لی :ٹیم پر فخر،امید ہے مزید کامیابیاں سمیٹے گی :صدر، وزیراعظم

پرتھ،اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر،نامہ نگار) پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیت لی،قومی ٹیم نے پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کو 8وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 سے فتح سمیٹی۔۔۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیااور آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی سکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے ، آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس سٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے ۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے ۔ ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز  ( بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے ، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ،اس طرح پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرلیا،آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں ۔ حارث رؤف کو میچ اورسیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا ، آسٹریلوی ٹیم میں آخری ون ڈے میچ کیلئے 5 تبدیلیاں کی گئی تھیں کیونکہ کپتان پیٹ کمنز سمیت 5کھلاڑیوں کو بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ٹیم سے ریلیز کردیاگیاتھا۔واضح رہے کہ پاکستان نے 2002میں وقاریونس میں قیادت میں آسٹریلیاکو اسکی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں2-1سے شکست دی تھی ۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،پوری ٹیم اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے ، اُمید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کیلئے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے ، پاکستانی باؤلرز اوربیٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔ پاکستانی کھلاڑیوں اورمینجمنٹ کی محنت کے باعث قومی ٹیم اس جیت کی پوری طرح مستحق ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ شا ہینوں نے کینگروز کو انہی کی سرزمین پر ہرا کر تاریخ رقم کردی ہے ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا، آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں، 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ میرا یقین ہے کہ جذبے ، محنت اور عزم سے کئے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں