پی سی بی ڈٹ گیا : مائنس بھارت چیمپینز ٹرافی کی تجویز بھی زیر غور
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پرڈٹ گیاہے اور چیمپینز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے ۔۔
مائنس بھارت فارمولے پر غور شروع کر دیا۔ پی سی بی نے بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کے لیے ابتدائی مؤقف میں 1996 اور 2003 ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیئے تھے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ مؤقف ہوگا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت مؤقف اپنائے گا۔ پاکستان اس بنیاد پر مائنس انڈیا چیمپئنز ٹرافی کی تجویز بھی دے سکتا ہے ، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری طور پر نہیں کی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی میں اس بات پر زور دے گا کہ بھارت تمام مؤقف تحریری طور پر پیش کرے ۔دوسری طرف پی سی بی حکام نے حکومتی ایڈوائس پر قانونی مشاورت مکمل کرلی جس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومت نے پی سی بی کو پیغام دیا ہے کہ اس مسئلے پر دوسرے بورڈزکوبھی اعتماد میں لیاجائے اور بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے ۔