نشے سے پاک پشاور مہم ، فخر زمان بھی میدان میں آگئے
پشاور(سپورٹس ڈیسک ) نشے سے پاک پشاور مہم میں قومی کرکٹر فخر زمان بھی میدان میں آگئے ، مایہ ناز قومی کرکٹر فخر زمان نے کمشنر آفس پشاور میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے ملاقات کی۔۔۔
ملاقات میں قومی کرکٹر کو پشاور میں نشے سے پاک پشاور مہم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی، جس کے بعد فخر زمان نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں نشے سے پاک پشاور مہم شروع کرنے پر صوبائی حکومت اور کمشنر پشاور ڈویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی خدمات پیش کیں۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنا، منشیات فروشوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اور نشے کی لت مبتلا افراد کا علاج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، سڑکوں پر موجود نشے کے عادی افراد زندہ لاشوں کی مانند بے یار و مددگار پڑے ہیں، معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے ان انسانوں کے علاج کے لیے صوبائی حکومت نے جو قدم اٹھایا ہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔