افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کے نمائشی میچ کا اعلان
میلبرن(سپورٹس ڈیسک )کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کا نمائشی میچ کرانے کا اعلان کردیا۔ویمنز ایشز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز افغانستان ویمن ٹیم اور کرکٹ ود آؤٹ بارڈرز کی ٹیم ان ایکشن ہوں گی۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں موجود افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اراکین کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے میچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔میچ خواتین کی کرکٹ میں شمولیت کا جشن منانے کے لیے منعقد ہونے والے تاریخی دن کا بھی حصہ ہوگا۔ میچ آسٹریلیا میں مقیم افغانستان ویمن کرکٹ کی کھلاڑیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے نے کہا کہ کرکٹ اور کمیونٹی کے بہت سے لوگوں نے افغانستان ویمن ٹیم کی آسٹریلیا میں آباد ہونے میں مدد کی ہے ، یہ میچ ان کے کام کا جشن منانے کے لیے ہے ۔مجھے خوشی ہے کہ ان کی مل کر کھیلنے کی خواہش کو اس نمائشی میچ میں پورا کیا جا رہا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹی ٹونٹی میچ 30 جنوری کو میلبرن میں جنکشن اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ افغانستان حکومت نے خواتین کی کھیلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔