حکومت کے خاتمے کے ساتھ شامی فٹبال ٹیم کی کٹ اور لوگو تبدیل
دمشق (سپورٹس ڈیسک )شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے اور باغیوں کے قبضے کے بعد شامی فٹبال فیڈریشن نے ملک میں آئی بڑی سیاسی تبدیلی کے بعد فٹبال ٹیم کی کٹ اور لوگو تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔
شامی فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی سرخ رنگ کی کٹ کو سبز رنگ میں تبدیل کر دیا ہے جو کہ ملک میں آنے والی بڑی سیاسی تبدیلی کی علامت ہے ۔شامی فٹبال فیڈریشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نئے لوگو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ لوگو شامی کھیلوں میں اقرباء پروری، جانبداری اور بدعنوانی سے پاک پہلی تاریخی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے ۔واضح رہے کہ شامی فٹبال ایسوسی ایشن 1936ء میں قائم ہوئی اور اس کے بعد شام کی فٹبال ٹیم نے کئی علاقائی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصّہ لیا جن میں ایشیاء کپ اور فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر بھی شامل ہیں۔