چیمپئنز ٹرافی میچز،پاکستان کا دبئی کے ساتھ کولمبو پر بھی غور
کراچی(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی میچز کیلئے پاکستان یو اے ای کے ساتھ سری لنکا پر بھی غور کرنے لگا، پی سی بی ذرائع کے مطابق گوکہ دبئی فیورٹ ہے البتہ ہم کولمبو کے آپشن کو بھی ذہن میں رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی اچانک سری لنکن ‘‘انٹری’’ سے واقف نہیں ہے ، ایونٹ کی تفصیلات کا اعلان جلد متوقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کئی ماہ تک تنازع جاری رہنے کے بعد آخرکار پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے پر راضی ہو گئے ہیں،اس کے تحت بھارتی ٹیم اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی،وہ اگر فائنل میں نہ پہنچی تو لاہور میزبانی کرے گا، جواب میں گرین شرٹس بھی 2026 ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے اپنے میچز بھارتی سرزمین پر نہیں کھیلیں گے ، سری لنکا میزبان ہوگا۔پی سی بی کی بعض اعلیٰ شخصیات ان دنوں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارتی بورڈز کے درمیان معاملات پر اتفاق ہو چکا اور گیند اب آئی سی سی کے کورٹ میں ہے ، تمام معاملات کو معاہدے کی شکل دے کر دستخط کرائے جائیں گے ،اب عالمی کونسل ہی اس حوالے سے اعلان کرے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یوں تو یو اے ای ہی بھارتی میزبانی کیلئے فیورٹ ہے لیکن ساتھ پی سی بی سری لنکا کے آپشن کا بھی جائزہ لے رہا ہے ، جہاں سے اچھی ڈیل ملی وہاں معاملات فائنل کر لیے جائیں گے ، دوسری جانب آئی سی سی اچانک سری لنکن ‘‘انٹری’’ سے واقف نہیں ہے ،اس کے مطابق دبئی ہی میچز کی میزبانی کرے گا۔