بھارتی شوٹر منو بھاکر سب سے بڑے ایوارڈ کیلئے نامزدگی سے محروم

بھارتی شوٹر منو بھاکر سب سے بڑے ایوارڈ کیلئے نامزدگی سے محروم

ممبئی(سپورٹس ڈیسک )بھارت کے لیے تاریخ رقم کرنے والی شوٹر منو بھاکر سب سے بڑے ایوارڈ کے لیے نامزدگی سے محروم ہو گئیں۔

منو بھاکر کی دھیان چند کھیل رتنا ایوارڈ کے لیے نامزدگی نہیں ہوئی ہے ، جس پر اولمپک میڈلسٹ منو بھاکر کے والد اور کوچ رام کشن بھاکر بھارتی حکومت پر پھٹ پڑے اورکہاکہ یہ میری غلطی ہے کہ میں نے بیٹی کی کھیلوں میں حوصلہ افزائی کی، میں ملک کے تمام والدین سے کہوں گا کہ بچوں کو کھیلوں میں نہ لائیں۔ اگر پیسہ چاہیے تو بچوں کو کرکٹر بنائیں اور اگر طاقت چاہیے تو پولیس افسر بنائیں، وہ 2036ء کے اولمپکس کی بات کرتے ہیں، اگر آپ ایسے ہی حوصلہ شکنی کریں گے تو کیسے میزبانی حاصل کریں گے ۔دوسری جانب منو بھاکر کے کوچ جسپال رانا نے کہاکہ منو بھاکر کی نامزدگی آٹومیٹک ہونی چاہیے تھی، اسے کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے ۔ سپورٹس منسٹری، سپورٹس اتھارٹی اور رائفل ایسوسی ایشن ذمہ دار ہے ، اس تذلیل سے حوصلہ شکنی ہوتی ہے ۔جبکہ منو بھاکرنے کہاکہ میرا کام کھیلنا اور ملک کے لیے پرفارم کرنا ہے ، ایوارڈ مجھے متحرک کرتے ہیں لیکن یہ میرا گول نہیں، میری طرف سے شاید کوئی کوتاہی ہوئی ہے اور نامزدگی کے لیے اپلائی نہیں کیا۔ میں ایوارڈ کے بغیر ہی متحرک رہوں گی اور ملک کے لیے میڈلز جیتوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں