سہ ملکی سیریز : پاک نیوزی لینڈ ٹاکرا آج ، ٹرافی کی رونمائی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ آج میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا، نو تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالامیچ ڈے اینڈنائٹ ہوگااوردوپہر 2بجے شروع ہوگا۔۔۔
تینوں ٹیموں کے کپتان نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی ،قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی میں صائم ایوب کی کمی ضرور محسوس کرینگے ،سکواڈ سب کے سامنے ہے ، ہر چیز کو سامنے رکھ کر بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کی سلیکشن کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بہترین فارم والوں کو پہلی ترجیح دینی چاہیے ، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف اچھی فارم میں ہیں۔ لاہور میں ڈیو اثر انداز ہوسکتی ہے اسلئے ے ابرار احمد کے علاوہ دوسرے سپنر کے متعلق نہیں سوچا۔ فخر زمان بیمار تھے اس لیے ٹیم میں نہیں تھے ، اور کوئی بات نہیں۔دوسری طرف کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ حریف ٹیم کے فخر زمان ہمارے لیے بڑا خطرہ ہوسکتے ہیں ، چیمپئینز ٹرافی سے قبل سیریز تیاری کا بہترین موقع ہے ، کوشش ہوگی سیریز میں فتحیاب ہوں۔ ہوم گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم کیخلاف میچ اہم ہوگا، فخر زمان میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس اچھے فاسٹ بولر موجود ہیں اور ہمارا ایونٹ میں پہلا میچ میزبان ملک پاکستان کیخلاف ہے جو نہایت اہم ہے ۔ سہ ملکی سیریز کی صورت میں ہمارے پاس کنڈیشنز سے واقف ہونے کا اچھا موقع ہے ۔علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم کپتان ٹیمبا باوما کی قیادت میں آج اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔ ٹیمبا باوما نے کہا کہ یہ ٹیم کیلئے میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ کرنے کا بہترین موقع ہے ، ہمارے پاس ملا جلا اسکواڈ ہے اور سہ ملکی ٹورنامنٹ سے ہمیں آئی سی سی ایونٹ کی تیاری سے قبل حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔