سپر لیگ : کنگز کے ہاتھوں شکست، سلطانز پلے آف سے باہر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سپر لیگ سیزن 10 کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے ہرادیا، اس شکست کے ساتھ ہی ملتان سلطانز ایونٹ کے پلے آف سے باہر ہوگئی۔
لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ آندھی اور بارش کے باعث ختم کردیاگیا۔پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 21ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم خراب موسم کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے 20ویںمیچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیمز ونس کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے ۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 166 اوورز میں 117 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے دونوں اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے ، کپتان محمد رضوان دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ عثمان خان بھی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے ۔کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3، خوشدل شاہ، میر حمزہ نے 2،2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سیفرٹ 22 رنز بنائے ، ڈیوڈ وارنر 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے ، جیمز ونس 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، خوشدل شاہ نے33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ملتان کی جانب سے عبید شاہ نے 2 وکٹیں لیں، ونس مین آف دی میچ قرار پائے ۔