ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن کے دعوے پر وضاحت طلب
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان یوتھ گرلز ٹیم کی مبینہ پہلی پوزیشن کے دعوے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے۔۔۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (پی این ایف) سے تین روز میں وضاحتی جواب طلب کر لیا ۔پی ایس بی کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی خط میں کہا گیا ہے کہ پی این ایف کے خط نمبر PNF/PSB/AYNC-2025 مؤرخہ 9 جولائی 2025 میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان یوتھ گرلز ٹیم نے جیونجو، جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اور اس مبینہ کامیابی کو بنیاد بنا کر پی این ایف نے 2024 کی کیش ایوارڈ پالیسی کے تحت نقد انعامات کیلئے درخواست دی، جس کے نتیجے میں مختلف حکومتی سطح پر تعریفی اقدامات اور فوائد بھی حاصل کیے گئے ۔ نوٹس کی کاپی متعلقہ وفاقی وزراء، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین، سیکرٹری آئی پی سی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کو بھی ارسال کی گئی ہے ۔